وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اتوار کو لانگ مارچ شروع کرنے کے لیے لکی مروت پہنچ گئے جہاں انہوں نے مارچ کے شرکا سے خطاب میں کہا کہ نہ وہ’ گورنر راج مانتے ہیں اور نہ ایمرجنسی۔‘
انہوں نے گنڈی چوک، لکی مروت میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک مائنڈ سیٹ ہے جو بند کمروں میں فیصلے کرتا ہے، کل وہ ایک اور فیصلہ آپ پر مسلط کرنے جا رہا تھا۔‘
انہوں نے کہا ’یہاں پر عمران خان کی حکومت ہے اور یہاں عمران خان کا وژن اور پالیسی ہی چلیں گے۔‘
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ’ہم کسی ایسی پالیسی کو نہیں مانتے جس میں پشتونوں کا نقصان ہو۔‘
’خیبرپختونخوا میں راج صرف عمران خان کا ہوگا اور نہ گورنر راج مانتے ہیں نہ ایمرجنسی مانتے ہیں۔‘
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’79 سال سے مسلط ایک مائنڈ سیٹ کل آپ پر آپریشنز کی ایک اور پالیسی مسلط کر رہا تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ حکومت خیبرپختونخوا وفاقی حکومت کو کھلی پالیسی دیتی ہے اور اس پر عمل درآمد سے 100 دنوں میں امن آ سکتا ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا ’اس کے لیے نیت کا ہونا چاہیے، مگر ان کی نیت امن نہیں ہے، ان کی نیت پی ٹی آئی کو ختم کرنا ہے۔‘
انہوں نے کہا عمران خان کے دور میں امن تھا کیونکہ ان کی پالیسی ٹھیک تھی، جبکہ ’ریجیم چینج کے بعد ایک بار پھر دہشت گردی کو ہم پر مسلط کیا گیا۔‘
سہیل آفریدی نے کہا کہ ’یہ آگ انہوں نے لگائی ہے، ہم اس آگ کو بجھائیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ عوام نے نکلنا ہے اور پاکستان کے فیصلے نوجوانوں نے کرنے ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ’کرک میں عوام کا سمندر ہوگا، پوری دنیا دیکھے گی، صوابی تک پہنچنے تک لاکھوں لوگ ہمارے قافلے میں ہوں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی کی یہ تحریک ملک کے کونے کونے تک پھیل چکی ہوگی۔
دوسری جانب سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں آج پی ٹی آئی کے کارکنوں اور حامیوں نے ڈیرہ اسماعیل خان سے لانگ مارچ شروع کر دیا۔
ڈیرہ اسماعیل خان سے روانگی سے قبل گنڈاپور نے زور دیا کہ احتجاج پُرامن رہنا چاہیے اور شرکا سے نظم و ضبط برقرار رکھنے اور تشدد، توڑ پھوڑ اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں سے تصادم سے گریز کرنے کی اپیل کی۔
علی امین گنڈاپور صاحب کی قیادت میں ڈیرہ اسماعیل خان سے ایک بڑا قافلہ لانگ مارچ کے لیے روانہ۔ علی امین گنڈاپور کی تمام کارکنان کو پر امن رہنے کی تلقین۔ https://t.co/QVOCEevx9M
— Junaid Akbar (@JunaidAkbarMNA) October 4, 2026
پی ٹی آئی نے وفاقی حکومت سے ہفتے کو رات گئے مذاکرات میں ناکامی کے بعد آج اپنا لانگ مارچ باقاعدہ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
وفاقی حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیموں کے درمیان ’انسدادِ دہشت گردی اور وفاق سے تعاون کے نکات‘ پر اتفاقِ رائے نہ ہونے پر مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوئے۔
پی ٹی آئی لانگ مارچ کے حوالے سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ایکس پر اپنے ایک بیان میں مکمل پلان بھی شیئر کیا ہے۔
ہفتے اور اتوار درمیانی شب جاری کیے گئے اس پلان کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اتوار کو گنڈی چوک لکی مروت سے لانگ مارچ کا پہلا مرحلہ شروع کرنے جا رہی ہے۔
سہیل آفریدی کے مطابق ’اتوار، چار اکتوبر دوپہر ایک بجے گنڈی چوک لکی مروت سے ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان، بنوں اور لکی مروت کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے غیور پاکستانی لانگ مارچ کا حصہ بنیں گے۔‘
انشأللہ آج گنڈی چوک لکی مروت سے ہم لانگ مارچ کا پہلا مرحلہ شروع کریں گے- آج بروز اتوار، 4 اکتوبر، دوپہر ایک بجے گنڈی چوک لکی مروت سے ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، ساؤتھ وزیرستان، نارتھ وزیرستان، بنوں اور لکی مروت کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے غیور پاکستانی لانگ مارچ کا حصہ بنیں گے۔ رات کو یہ قافلہ کرک کے قریب پہنچ کر پڑاؤ کرے گا۔ 5 اکتوبر دن 12 بجے کرک کے غیور عوام ہمیں جوائن کرینگے۔ وہاں سے روانگی 12:30 بجے ہوگی اور رات کو کوہاٹ کے قریب پڑاؤ کریں گے- 6 اکتوبر کو 12 بجے کوہاٹ، ہنگو، کُرم اور اورکزئی اضلاع کے پاکستانی ہمیں جوائن کریں گے۔ کوہاٹ سے پشاور کی طرف روانگی ہوگی اور پشاور متنی کے قریب رات گزاریں گے۔ 7 اکتوبر کو پشاور بڈھ بیر کے مقام سے دن 12:30 بجے روانگی ہوگی۔ بڈھ بیر کے مقام پر ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے پاکستانی ہمارے ساتھ شامل ہوں گے۔ پشاور کے باقی حلقے کوہاٹ روڈ پل اور موٹروے ٹول پلازا پر ہمیں جوائن کریں گے۔ اور رات ہم چارسدہ انٹرچینج کے قریب گزاریں گے۔ 8 اکتوبر کو 12:30 بجے چارسدہ انٹرچینج سے روانگی ہوگی۔ وہاں ضلع چارسدہ اور مہمند ہمارے ساتھ شامل ہوں گے۔ پورے خیبر پختونخوا کے لوگ 8 اکتوبر کو خیر آباد کے مقام پر اکٹھے ہونگے اور وہاں رات گزاریں گے۔ انشأللہ آگے کا لائحہ عمل وہاں پر دیا جائیگا۔
— Sohail Afridi (@SohailAfridiISF) October 3, 2026
انہوں نے بتایا کہ ’رات کو یہ قافلہ کرک کے قریب پہنچ کر پڑاؤ ڈالے گا اور پانچ اکتوبر دن 12 بجے کرک کے عوام ہمیں جوائن کریں گے۔ وہاں سے روانگی 12:30 بجے ہوگی اور رات کو کوہاٹ کے قریب پڑاؤ کریں گے۔‘
سہیل آفریدی کے مطابق یہ قافلہ سات اکتوبر کو پشاور بڈھ بیر کے مقام سے روانہ ہو گا ’پورے خیبر پختونخوا کے لوگ آٹھ اکتوبر کو خیر آباد کے مقام پر اکٹھے ہوں گے جہاں آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔‘
دوسری جانب حکام نے دارالحکومت اسلام آباد میں تین ہزار پیرا ملٹری رینجرز کی تعیناتی 15 اکتوبر تک بڑھانے کی درخواست کی ہے۔ یہ بات ہفتے کو سامنے آنے والے سرکاری دستاویزات سے پتہ چلی۔
حکومتی مذاکراتی ٹیم کے رکن رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی سے طویل مذاکرات کے بعد ہفتے کی شب کہا تھا کہ ’لانگ مارچ کو کسی صورت اسلام آباد کی حدود میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔ کسی قسم کے انتشار کی کوشش کو قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔‘
حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ ’بنیادی بات امن وامان اور دہشت گردی کے حوالے سے کے پی کے حالات ہیں۔
’وفاق کا موقف ہے صوبائی حکومت دہشت گردی کے معاملے میں اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرے۔ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وفاقی حکومت کی پالیسی کے مطابق تعاون کرنے کے لیے تیار نہیں۔ یہ بات ہمیں قبول نہیں ہے۔‘