پاکستان کا فتح-4 کروز میزائل کے توسیع شدہ ورژن کا تجربہ

پاکستان آرمی کی راکٹ فورس کمانڈ کا حصہ فتح-4 کم بلندی پر زمین کی ساخت کے مطابق پرواز کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

پاکستان کے فتح-4 زمین سے داغے جانے والے کروز میزائل کو 6 اکتوبر 2026 کو کیے گئے تجربے کے دوران دیکھا جا سکتا ہے (آئی ایس پی آر)

پاکستانی فوج نے منگل کو مقامی طور پر تیار کیے گئے فتح-4 کروز میزائل کے توسیع شدہ ورژن کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جس کے دوران میزائل کی ’بہتر درستگی‘ کو جانچا گیا۔

پاکستان آرمی کی راکٹ فورس کمانڈ کا حصہ فتح-4 کم بلندی پر زمین کی ساخت کے مطابق پرواز کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

اس صلاحیت کو ’ٹیرین ہیگنگ‘ کہا جاتا ہے، جس سے میزائل کو دشمن کے فضائی دفاع اور میزائل روکنے والے نظام سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

فتح کروز میزائل سیریز پاکستان کے مقامی میزائل تیاری کے پروگرام کا حصہ ہے، جس کا مقصد آپریشنل تیاری اور اہداف کو درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت بہتر بنانا ہے۔

پاکستانی فوج نے گذشتہ سال ستمبر میں بتایا تھا کہ اس میزائل کی رینج 750 کلومیٹر ہے۔

پاکستانی فوج کے مطابق جدید ایویونکس اور جدید ترین نیوی گیشن نظام سے لیس یہ ہتھیار زیادہ فاصلے پر موجود اہداف کو انتہائی درستگی اور مؤثر طریقے سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فوج نے کہا کہ اس تجربے کے دوران بہتر درستگی اور میزائل کی بقا کی صلاحیت بڑھانے کے لیے شامل کیے گئے مختلف ذیلی نظاموں کے اضافی تکنیکی پیمانوں کو بھی جانچا گیا۔

پاکستان نے اگست 2025 میں راکٹ فورس کمانڈ کے قیام کا اعلان کیا تھا، جس کا مقصد روایتی میزائل جنگ میں آپریشنل تیاری اور رابطہ کاری بہتر بنانا ہے، جبکہ جوہری صلاحیت رکھنے والے نظام الگ نیشنل سٹریٹجک کمانڈ کے تحت رہتے ہیں۔

راکٹ فورس کمانڈ کو علاقائی سکیورٹی کشیدگی، بالخصوص مئی 2025 میں انڈیا کے ساتھ ہونے والی مختصر لیکن شدید لڑائی کے تناظر میں پاکستان کی روایتی دفاعی صلاحیت مضبوط کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

پاکستانی فوج کے مطابق منگل کو ہونے والے میزائل تجربے کا مشاہدہ اعلیٰ فوجی افسران کے علاوہ میزائل تیار کرنے والے ادارے کے سائنس دانوں اور انجینیئرز نے بھی کیا۔

فوج نے مزید بتایا کہ صدر، وزیراعظم اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے فتح-4 کے توسیع شدہ ورژن کے کامیاب تجربے پر مبارک باد دی اور اس سنگ میل کے حصول میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کی تکنیکی صلاحیت، لگن اور عزم کو سراہا۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان