درختوں کو چھوٹے گملوں میں اس انداز سے پروان چڑھانا کہ ان کی قدرتی ساخت، تنا اور شاخیں کسی بڑے درخت کا منظر پیش کریں، جاپانی فنِ بونسائی کہلاتا ہے۔
یہ ایسا فن ہے جس میں درخت کی نشوونما کو مخصوص تکنیکوں کے ذریعے ایک خاص شکل دی جاتی ہے، تاہم اسے مکمل ہونے میں برسوں بلکہ بعض اوقات کئی دہائیاں لگ جاتی ہیں۔
کراچی کے علاقے زمزمہ پارک میں قائم پاکستان بونسائی سینٹر میں جاری بونسائی پودوں کی تین روزہ نمائش میں بھی ایسے ہی درخت رکھے گئے ہیں، جن میں سب سے زیادہ توجہ ایک ایسے بونسائی کو حاصل ہے جس کی عمر تقریباً 65 سال بتائی جاتی ہے۔
یہ درخت پاکستان بونسائی سوسائٹی کے بانی ڈاکٹر شوکت علی سید سے منسوب ہے اور منتظمین کے مطابق پاکستان کا قدیم ترین بونسائی ہے۔
27 نومبر کو شروع ہونے والی یہ نمائش 29 نومبر تک جاری رہے گی، جس میں تقریباً 100 بونسائی پودے رکھے گئے ہیں۔ ان میں جاڈ، فکسس اور پلکھن سمیت درختوں کی مختلف اقسام شامل ہیں۔
پاکستان بونسائی سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری اسد فاروق نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا: ’سوسائٹی کا قیام 1998 میں عمل میں آیا تھا، جس کا بنیادی مقصد پاکستان بھر میں لوگوں کو بونسائی کا فن سکھانا اور اس کی ترویج کرنا ہے۔‘
انہوں نے بتایا: ’نمائش میں موجود ڈاکٹر شوکت علی سید کا بونسائی 65 سال پرانا ہے، اسے پاکستان کا قدیم ترین بونسائی سمجھا جاتا ہے۔‘
اسد فاروق کے بقول: ’بونسائی محض درخت کو چھوٹا رکھنے کا نام نہیں بلکہ یہ انسان کو صبر، ٹھہراؤ اور فطرت سے جڑے رہنے کا سبق بھی دیتا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’بونسائی کی تیاری میں مختلف تکنیکیں استعمال ہوتی ہیں، جن میں وائرنگ اور پروننگ اہم ہیں۔
وائرنگ کے ذریعے درخت کی شاخوں کو مخصوص سمت اور شکل دی جاتی ہے جبکہ پروننگ کے ذریعے غیر ضروری شاخوں اور حصوں کی تراش خراش کی جاتی ہے تاکہ درخت کو قدرتی انداز میں خوبصورت شکل دی جا سکے۔‘
اس فن کے لیے درختوں کا انتخاب بھی خاص اہمیت رکھتا ہے۔ اسد فاروق کے مطابق ایسے درخت بونسائی کے لیے موزوں ہوتے ہیں جن کا تنا اور لکڑی مضبوط، پتے نسبتاً چھوٹے اور مقامی موسم کے مطابق زندہ رہنے کی صلاحیت اچھی ہو۔
کراچی میں عام طور پر نظر آنے والا پلکھن بونسائی کے لیے استعمال ہونے والی اہم اقسام میں شامل ہے جبکہ املی اور جنگل جلیبی سمیت دیگر درختوں سے بھی بونسائی تیار کیے جا سکتے ہیں۔
بونسائی کی خوبصورتی اور اس کے پیچھے محنت
نمائش دیکھنے کے لیے آنے والے شہری فہد نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا: ’میں کافی عرصے سے بونسائی کے فن میں دلچسپی رکھتا ہوں اور چین اور جاپان میں بجھی اس کے نمونے دیکھ چکا ہوں۔‘
انہوں نے کہا ’کراچی میں لوگوں کو اس فن کے لیے وقت نکالتے اور اتنی محنت سے پودے تیار کرتے دیکھنا خوش آئند ہے۔‘
فہد کے بقول ’بونسائی تیار کرنا آسان کام نہیں بلکہ اس کے لیے بہت وقت، محنت اور محبت درکار ہوتی ہے۔
’پاکستان میں اس فن کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے اور حکومت کو بھی ایسے اقدامات کرنے چاہییں جن سے بونسائی پودوں کی درآمد اور لوگوں تک ان کی رسائی آسان ہو سکے۔‘
فطرت سے تعلق کا ایک فن
بونسائی کی انفرادیت یہ ہے کہ اس میں درخت کی نشوونما کو محدود جگہ میں برقرار رکھتے ہوئے اس کی قدرتی خوبصورتی کو نمایاں کیا جاتا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس کے لیے مسلسل دیکھ بھال، مناسب تراش خراش اور درخت کی ضروریات کو سمجھنا ضروری ہے۔
یہ عمل فوری نتائج دینے کے بجائے وقت اور مستقل مزاجی کا تقاضا کرتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ بونسائی کے شوقین افراد کے نزدیک یہ صرف پودے اگانے یا انہیں خوبصورت شکل دینے کا فن نہیں بلکہ صبر، برداشت اور فطرت کے ساتھ تعلق قائم رکھنے کا ایک ذریعہ بھی ہے۔
زمزمہ پارک میں منعقدہ یہ نمائش بھی اسی فن کو متعارف کرانے اور اس میں دلچسپی رکھنے والے شہریوں کو مختلف اقسام کے بونسائی سے روشناس کرانے کی ایک کوشش ہے، جہاں 65 سالہ درخت سے لے کر نسبتاً کم عمر پودوں تک، ہر نمونہ اپنی الگ ساخت اور نگہداشت کی کہانی رکھتا ہے۔