ایران کے امریکی فورسز پر حملوں میں سٹارلنک کے استعمال پر ایلون مسک ’برہم‘

واشنگٹن پوسٹ نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ایران نے امریکی فورسز پر حملوں میں سپیس ایکس کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس سٹارلنک استعمال کی ہے۔

یہ تصویر 6 مارچ 2025 کو اسپیس ایکس کی براہ راست نشریات سے لی گئی ہے، جس میں کمپنی کا سٹارشپ فلائٹ 14 اسٹارلنک وی 3 سیٹلائٹس کو مدار میں چھوڑتے ہوئے دکھائی دے رہا ہے (اے ایف پی)

واشنگٹن پوسٹ نے ہفتے کو ذرائع کے حوالے سے ایک رپورٹ میں بتایا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے شروع ہونے کے بعد ایران نے امریکی فورسز پر جوابی کارروائیوں میں سپیس ایکس کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس سٹارلنک استعمال کی۔

رپورٹ کے مطابق سپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹیو ایلون مسک کو جب سٹارلنک کے دو غیر مجاز استعمال کے بارے میں علم ہوا تو وہ ’شدید برہم‘ ہوئے۔

کمپنی کی ٹیم نے ان دونوں واقعات کو ایران کی جانب سے امریکی فورسز کے خلاف کارروائیوں سے متعلق قرار دیا تھا۔

یہ بات کمپنی کے اندرونی معاملات سے واقف دو افراد کے حوالے سے بتائی گئی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مسک کو یہ بھی بتایا گیا کہ امریکی فوج نے یک طرفہ حملوں کے لیے استعمال ہونے والے ڈرونز کو سٹارلنک کے عسکری ورژن ’سٹارشیلڈ‘ کے ذریعے اڑایا، تاہم اس کے لیے زمینی کارروائیوں کے لیے مختص ایک سستے پیکیج کا استعمال کیا گیا تھا۔ یہ بات ایک نام ظاہر نہ کرنے والے ذریعے نے بتائی۔

سپیس ایکس اور ایرانی وزارت خارجہ نے اس حوالے سے تبصرے کی درخواستوں کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔

اخبار کے مطابق وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو بھیجی گئی ایک خفیہ رپورٹ میں ایرانی فوج کی جانب سے سٹارلنک کے استعمال کا ذکر کیا گیا تھا۔

امریکی محکمہ دفاع نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو ایک بیان میں کہا کہ وہ وزیر دفاع کے دفتر کو اس معاملے سے متعلق بھیجی گئی رپورٹ سے ’آگاہ نہیں‘ ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یوکرین اور ایران میں جاری جنگوں کے تناظر میں جغرافیائی و سیاسی تنازعات والے علاقوں میں سٹارلنک کے استعمال، اس پر امریکی حکومت کے کنٹرول اور پابندیوں کا سامنا کرنے والے اداروں کی جانب سے اس کے غیر قانونی استعمال پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

ایران میں سٹارلنک کو کام کرنے کی اجازت نہیں، تاہم ایلون مسک کا کہنا ہے کہ یہ سروس وہاں فعال ہے۔

ایرانی حکام نے ملک میں بدامنی کے دوران عوامی سطح پر انٹرنیٹ تک رسائی بند کر دی تھی۔

اس کی ایک مثال جنوری میں ہونے والے ملک گیر اور پرتشدد مظاہرے ہیں جو جنگ شروع ہونے سے پہلے ہوئے۔

وال سٹریٹ جرنل کے مطابق ان مظاہروں کے بعد امریکی حکومت نے ہزاروں سٹارلنک ٹرمینلز ایران میں اسمگل کیے تھے۔

فروری کے آخر میں امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے موجودہ جنگ شروع کیے جانے کے بعد سے ایرانی حکومت نے انٹرنیٹ تک رسائی پر سخت کنٹرول برقرار رکھا ہوا ہے۔

© The Independent

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی