سٹار لنک کے مقابلے میں ایمازون کا خلائی انٹرنیٹ شروع

سٹارلنک کی امریکہ میں اوسط رفتار 200 ایم بی پی ایس ہے جبکہ ایمازون لیو ایک جی بی پی ایس فراہم کرتا ہے۔

ایمازون نے اپنی لیو الٹرا سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس 24 نومبر، 2025 کو متعارف کرائی (ایمازون)

ایمازون نے ایک انٹرنیٹ سروس متعارف کروائی ہے جس کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ یہ دنیا کی تیز ترین تجارتی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس ہے اور اس کا مقصد سپیس ایکس کے سٹارلنک کی بالادستی کو چیلنج کرنا ہے۔

ایمازون لیو (LEO)، جس کا سابقہ نام پروجیکٹ کوئپر (Kuiper) تھا، کے پاس فی الحال 150 سیٹلائٹس کا نیٹ ورک ہے۔

یہ سپیس ایکس کے سٹارلنک کے مقابلے میں دو فیصد سے بھی کم ہے، جس کے تقریباً ساڑھے آٹھ ہزار فعال سیٹلائٹس ہیں۔

اپنے چھوٹے حجم کے باوجود ایمازون کا دعویٰ ہے کہ اس کے سیٹلائٹس نئی لیو الٹرا اینٹینا کو ون جی بی پی ایس تک ڈاؤن لوڈ سپیڈ فراہم کرتے ہیں، جو اسے ’پیداوار میں موجود تیز ترین تجارتی فیزڈ اَرے اینٹینا‘ بناتا ہے۔

یہ امریکہ میں سٹارلنک کے 200 ایم بی پی ایس کی اوسط رفتار سے تقریباً پانچ گنا زیادہ ہے۔ سٹارلنک 20 لاکھ سے زیادہ صارفین کو سروس دے رہا ہے۔ 

کمپنی کے سٹارلنک پرفارمنس کٹ میں 475 ایم بی پی ایس تک کی زیادہ سے زیادہ رفتار کا دعویٰ کیا گیا ہے جبکہ 2026 میں گیگابٹ سروس متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔

ایمازون لیو فی الحال محدود تعداد میں کاروباری صارفین کے لیے دستیاب ہے، تاہم اگلے سال اس کی وسیع تر دستیابی متوقع ہے۔

یہ ایمازون کے بانی اور چیئرمین جیف بیزوس کی طرف سے اپنے حریف ایلون مسک کے لیے ایک نیا چیلنج ہے، جن کی خلائی کمپنیاں — بلیو اوریجن اور سپیس ایکس— ناسا کے منافع بخش لانچ معاہدے حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے سے مقابلے میں ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایمازون بالآخر 3,236 لیو سیٹلائٹس پر مشتمل اپنا نیٹ ورک قائم کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے جبکہ سپیس ایکس 12,000 سٹارلنک سیٹلائٹس تک توسیع کرنا چاہتا ہے۔

ایمازون لیو کے نائب صدر برائے کنزیومر کرس ویبر نے کہا ’ایمازون لیو مشکل ماحول میں کام کرنے والے کاروباروں کے لیے ایک بڑی صلاحیت کی نمائندگی کرتا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا ’ہم نے اپنے سیٹلائٹ اور نیٹ ورک ڈیزائن سے لے کر اعلیٰ کارکردگی والے فیزڈ اَرے اینٹینا کے مجموعے تک، ایمازون لیو کو ایسے پیچیدہ ترین کاروباری اور سرکاری صارفین کی ضروریات کے مطابق ڈیزائن کیا ہے اور ہم انہیں وہ ٹولز فراہم کرنے پر پرجوش ہیں، جن کی انہیں دنیا کے کسی بھی کونے میں اپنے آپریشنز کو تبدیل کرنے کے لیے ضرورت ہے۔‘

ابتدائی صارفین میں کلین انرجی کمپنی، ہنٹ انرجی نیٹ ورک، وائرلیس کنیکٹیویٹی کمپنی وانو انک اور ایئر لائن جیٹ بلیو شامل ہیں۔

ایمازون نے کہا کہ محدود اجرا کا مقصد نیٹ ورک کا سٹریس ٹیسٹ ہے جبکہ یہ بھی دیکھنا ہے کہ مختلف صنعتیں اس ٹیکنالوجی کو کس طرح استعمال کر سکتی ہیں۔

جیٹ بلیو کے صدر مارٹی سینٹ جارج نے کہا ’ہم پہلے بھی ایمازون کے ساتھ کام کر چکے ہیں اور ہمیں معلوم تھا کہ ایمازون لیو ہماری صارف-اول جدت کے جذبے سے ہم آہنگ ہو گا۔‘

انہوں نے مزید کہا ’ایمازون لیو کا انتخاب کرنا اس بات کا عزم ہے کہ ہم مسافروں کی ترجیحات کے مطابق خود کو آگے رکھتے ہیں، جیسے تیز، قابل بھروسہ کارکردگی اور ہماری مفت ان فلائٹ وائی فائی میں لچک۔‘

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی