سرفراز احمد ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے فارغ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اظہر علی کو ٹیسٹ اور بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی کا نیا کپتان مقرر کردیا۔

سرفراز احمد کو دورہ آسٹریلیا کے لیے منتخب کی جانے والی دونوں فارمیٹس کی ٹیم میں بھی جگہ نہیں مل سکی (اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سرفراز احمد کو  ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے ہٹاتے ہوئے اظہر علی کو ٹیسٹ جبکہ بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کا کپتان مقرر کر دیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں سرفراز احمد کو عہدے سے ہٹانے کی وجہ ان کی ناقص کارکردگی بتائی گئی۔

سرفراز احمد کو دورہ آسٹریلیا کے لیے منتخب کی جانے والی دونوں فارمیٹس کی ٹیم میں بھی جگہ نہیں مل سکی۔

کپتان مقرر کیے جانے پر اظہر علی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ میں پاکستان کی کپتانی کرنے سے بڑا کوئی اعزاز نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا تھا: ’میں بہت پرجوش اور فخر محسوس کر رہا ہوں اور اپنی ٹیم کی مدد سے اس ذمہ داری پر پورا اترنے کی امید رکھتا ہوں جو مجھے ٹیسٹ کپتان بنا کر سونپی گئی ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا مزید کہنا تھا :’ سرفراز احمد نے ٹیم کے نئے کھلاڑیوں کو تجربہ کار کھلاڑی بنانے میں بہترین کردار ادا کیا ہے۔ میں ان ہی کھلاڑیوں کی مدد سے ٹیسٹ کرکٹ میں فتوحات حاصل کرنے کی مشترکہ کوششیں جاری رکھوں گا۔ پاکستان میں کرکٹ کی نئی مینیجمنٹ سے بہت سی امیدیں وابستہ کی جا رہی ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ ٹیم کے ساتھ ایسے تجربہ کار لوگ موجود ہیں جو مشورے اور نصیحت سے ٹیم کو فائدہ دے سکتے ہیں۔ ہم صرف فتح پر توجہ نہیں دیں گے بلکہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بہتر بنا کر پاکستانی ٹیم کو عروج تک لے جانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ میں نے ہمیشہ مشکل لیکن شفاف انداز میں کرکٹ کھیلی ہے اور ہم کرکٹ کی روح کے مطابق اپنے ملک اور قوم کے وقار کے لیے کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔‘

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ رینکنگ میں نمبر ون بلے باز بابر اعظم، جنہیں پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی کپتان مقرر کیا گیا ہے، کہتے ہیں: ’نمبر ون ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیا جانا میرے کیریئر کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ میں اس چیلنج کے لیے تیار ہوں۔ اس سے مجھے سیکھنے میں مدد ملے گی۔ میں بہت خوش ہوں کہ پی سی بی نے میری صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔‘

سابق ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ’پاکستان کی قیادت کرنا میرے لیے ایک اعزاز سے کم نہیں تھا۔ میں اپنی ٹیم، ساتھی کھلاڑیوں، کوچز اور سلیکٹرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس دوران میری مدد کی۔‘

انہوں نے اظہر علی اور بابر اعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ٹیم مضبوط سے مضبوط تر ہو گی۔

پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے بابر اعظم اور اظہر علی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کو کپتانی ملنا ان کی بھرپور محنت کا صلہ ہے اور ہمیں امید ہے وہ اچھی کارکردگی جاری رکھیں گے۔ سرفراز کو ٹیم میں منتخب نہ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا کیونکہ انہوں نے بطور کھلاڑی اور کپتان بہت محنت سے کام کیا۔ مجھے اس بات میں کوئی شک نہیں کہ وہ اپنی محنت کی بدولت جلد ہی ٹیم میں واپس جگہ بنا لیں گے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ