ٹماٹر کی قیمتیں اتنی کیوں بڑھ گئیں؟

کراچی میں ٹماٹر 260 روپے، اسلام آباد میں 200، لاہور میں 170، پشاور میں 180 اور کوئٹہ میں 160 روپے فی کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔

ٹماٹر  مہنگا تو ہوا ہے مگر حکومتی سطح پر قیمتیں کنٹرول  نہ ہونے ہونے پر سبزی فروشوں نے اپنی مرضی کی قیمت لگا لی ہے(اے ایف پی)

دیگر شہروں کی طرح پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ٹماٹر کی قیمت 260 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے، جس کے لیے موسمیاتی تبدیلی کو ذمے دار ٹھرایا جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں ٹماٹر 260 روپے، اسلام آباد میں 200، لاہور میں 170، پشاور میں 180 اور کوئٹہ میں 160 روپے فی کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔

 وفاقی مشیرِ خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے پیر کی شام ایک پریس کانفرنس کے بعد دعویٰ کیا تھا کہ کراچی میں ٹماٹر 17 روپے کلو دستیاب ہے۔ ان کی اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کی تھی۔

سندھ آبادگار بورڈ کے سینیئر نائب صدر محمود نواز شاہ نے منگل کو انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا اس سیزن سندھ میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کے باعث پیاز اور ٹماٹر کی ابتدائی فصل کو شدید نقصان پہنچا، جس کی وجہ سے کاشت کم ہوئی اور قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’موسمیاتی تبدیلی کے باعث اس سال اگست میں غیر معمولی بارشیں ہوئیں، کہیں تو 24 انچ تک بھی بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث پیاز اور ٹماٹر کی فصل کو نقصان پہنچا۔'

انھوں نے دعوی کیا کہ دوسرے صوبوں کی نسبت سندھ میں پیاز اور ٹماٹر کی کاشت زیادہ ہوتی ہے مگر بارشوں کے باعث فصل کو شدید نقصان پہنچا۔

’اس کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے موسم سرما بھی دیر سے شروع ہورہا ہے لہذا بعد میں کاشت کی گئی فصل پکنے میں بھی دیر لگ رہی ہے۔ توقع ہے کہ اگلے 35 سے 40 دنوں میں فصل تیار ہوجائے گی اور بحران ختم ہوجائے گا۔'

کراچی سبزی منڈی میں کام کرنے والے عبدالخالق نے انڈپینڈینٹ اردو کو بتایا رسد کم ہونے کے باعث قیمتوں میں فرق تو آیا ہے مگر حکومتی سطح پر قیمتیں کنٹرول کرنے کا کوئی نظام نہ ہونے پر سبزی فروشوں نے اپنی مرضی کی قیمت لگا لی ہے۔

’میں ایک ماشہ خور ہوں اور آڑھتی سے سبزیاں لے کر اپنا منافع رکھ کر عام سبزی فروش کو بیچتا ہوں۔ آج میں نے 18 کلو کی ٹماٹر کی پیٹی 1100 روپوں میں بیچی، یعنی 164 روپے فی کلو، مگر کھلی مارکیٹ میں وہی ٹماٹر 260 روپے کلو بیچا جارہا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ قیمتوں میں بہت زیادہ اضافہ مصنوعی ہے۔‘

ٹماٹر کی اتنی زیادہ قیمت کا دفاع کراچی کی ایمریس مارکیٹ میں موجود سبزی فروش محمد ریاض نے کچھ یوں کیا ’معیار کے لحاظ سے ٹماٹر 230 روپے سے 260 روپے تک عام مارکیٹ میں بیچا جارہا ہے۔ ہمیں سبزی منڈی میں 170 سے 190 روپے تک فی کلو ٹماٹر مل رہے ہیں پھر منڈی سے مارکیٹ تک گاڑی کا کرایہ اور ہمارا منافع بھی رکھنا ہوتا ہے۔ اس لیے یہ قیمت لی جارہی ہے۔'

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی