تیندلکر کو 19 سال پہلے قیمتی مشورہ دینے والا ہوٹل ملازم مل گیا

بھارتی سپر سٹار تیندلکر نے انہیں تلاش کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر اپیل جاری کی تھی۔

 تیندلکر ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں 34 ہزار رنز اور 100 سینچریاں بنانے کے بعد 2013 میں ریٹائر ہو گئے تھے(اے ایف پی)

بیٹنگ لیجنڈ سچن تیندلکر کو قیمتی مشورے سے نوازنے والے ایک ہوٹل ملازم کو بلا آخر 19 سال بعد تلاش کر لیا گیا۔

بھارتی سپر سٹار تیندلکر نے انہیں تلاش کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر اپیل جاری کی تھی۔

یہ بات ہے 2001 کی، جب چنائی میں واقع ہوٹل کے اس ملازم نے تیندلکر سے رابطہ کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ وہ آرم گارڈ پہن کر بلے کو مختلف انداز میں سوئنگ کرتے ہیں۔

تیندلکر نے، جوان دنوں اپنے کیریئر کے وسط میں تھے ، بتایا کہ انہیں یہ مشورہ اچھا لگا اور انہوں نے اپنے آرم گارڈ کا ڈیزائن تبدیل کیا، جس کے بعد ان کی بلے بازی میں نکھار آگیا۔

تیندلکر نے ایک ٹویٹ میں کہا ’میں نے آج تک کبھی اس واقعے کا ذکر نہیں کیا اور شاید میں واحد شخص ہوں جو اس واقعے سے آگاہ رہا۔‘

’مشورہ سننے کے بعد میں گراؤنڈ سے اپنے کمرے میں آیا اور اپنا ایلبو گارڈ اٹھایا اور اسے درست سائز اور پیڈنگ کی بنیاد پر دوبارہ ڈیزائن کیا اور پہنا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تیندلکر کی اپیل کے بعد ہوٹل انتظامیہ نے کہا کہ اس نے ملازم کو ڈھونڈ لیا ہے اور وہ دنوں میں ملاقات کروا سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ ایک نیوز ویب سائٹ نے بھی انہیں تلاش کرنے کا دعویٰ کیا۔ اس ملازم کی شناخت گروپرساد کے نام سے ہوئی ہے جو سکیورٹی عملے کا حصہ تھا۔

دی نیوز منٹ نے گروپرساد کے حوالے سے کہا ’میں نے تیندلکر سے کہا کہ کیا میں آپ کو کرکٹ کے حوالے سے ایک تجویز دے سکتا ہوں؟ مجھے معلوم نہیں تھا کہ وہ مجھ جیسے شخص کی بات سنیں گے بھی یا نہیں لیکن انہوں نے بغور میری بات سنی۔‘

یہ ملاقات بظاہر 2001 کے اوائل میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران ہوئی تھی، جب تیندلکر نے چنئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 126 رنز بنائے تھے۔

46 سالہ تیندلکر ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں 34 ہزار رنز اور 100 سینچریاں بنانے کے بعد 2013 میں ریٹائر ہو گئے تھے۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ