’ٹیپ بال سے کھیلنے والے‘ حارث رؤف کی بگ بیش میں ہیٹ ٹرک

پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر حارث رؤف نے میلبرن سٹارز کی نمائندگی کرتے ہوئے آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی بگ بیش لیگ میں ہیٹ ٹرک کر لی ہے۔

حارث رؤف نے اپنے چار اوورز میں 23 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں(بگ بیش لیگ/ٹوئٹر)

پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر حارث رؤف نے میلبرن سٹارز کی نمائندگی کرتے ہوئے آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی بگ بیش لیگ میں ہیٹ ٹرک کر لی ہے۔

حارث روف نے بگ بیش لیگ میں سڈنی تھنڈرز کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں مسلسل تین گیندوں پر تین وکٹیں حاصل کر کے ہیٹرک کی۔ انہوں نے پہلی وکٹ 41 رنز بنانے والے میتھیو گیئکس کو کیچ آﺅٹ کروا کے حاصل کی جبکہ ان کی اگلی گیند پر ہی 35 رنز بنانے والے فرگوسن ان کا نشانہ بنے۔ انہوں نے ہیٹرک بال پر ڈینیئل سیمز کو ایل بی ڈبلیو کر کے اپنی ہیٹرک مکمل کی۔

انہوں نے اپنے چار اوورز میں 23 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی اس ہیٹرک پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

کوئی اس ہیٹرک پر انہیں شاباش دے رہا ہے اور کوئی اسے امپائر کی جانب سے دیا جانے والا غلط فیصلہ قرار دے رہا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

حمزہ کلیم نامی صارف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’ایک ٹیپ بال سے کھیلنے والے حارث روف نے بگ بیش لیگ میں ہیٹرک کر لی، انہوں نے بہت طویل سفر طے کیا ہے۔ وہ چار میچوں میں 13 وکٹیں لے چکے ہیں۔ یاد رہے انہیں ڈیل سٹین کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔‘

ایک اور صارف عدیل نے دلچسپ سوال پوچھا کہ ’کیا حارث روف کے پاس قومی ٹیم میں منتخب ہونے کے پرچی موجود ہے؟‘


دی ٹپس گرو نامی ایک صارف نے امپائر کے فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے لکھا کہ ’گیند لیگ سٹمپ سے میلوں دور تھی۔‘

عمیر نامی صارف نے لکھا کہ ’حارث روف ایک سپر سٹار ہیں۔ وہ ایک اور تیز رفتار پاکستانی بولر ہیں جنہیں لگن اور محنت جاری رکھنی ہو گی۔ جب تک وہ کھیل رہے ہیں انہیں ٹیم سے نہیں نکالنا چاہیے۔‘

اس سے قبل 23 دسمبر کو ہوبارٹ ہریکینز کے خلاف کھیلے جانے والے بگ بیش لیگ کے میچ کے دوران حارث رؤف نے پانچ وکٹیں اور گولڈن آرم کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

اسی میچ کے بعد انہوں نے جس گیند پر پانچ وکٹیں لی تھیں وہ گیند میدان میں موجود ایک بھارتی کو دے دی تھی جس پر انہیں کافی سراہا گیا۔

جبکہ بگ بیش لیگ میں انہوں نے اپنے پہلے ہی میچ میں دو وکٹیں حاصل کی تھی۔ اس میچ میں انہیں جنوبی افریقہ کے ڈیل سٹین کی جگہ کھلایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ حارث رؤف پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز کی جانب سے کھیلتے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ