باجوڑ چیک پوسٹ پر خود کش حملہ، 7 سکیورٹی اہلکار جان سے گئے: پولیس

ایک پولیس افسر کے مطابق چار سے پانچ کمروں پر مشتمل عمارت پر ہونے والے حملے میں سات پولیس اور ایف سی اہلکار جان سے گئے۔

پشاور میں یکم فروری، 2023 کو پولیس اہلکار سڑک کے کنارے پہرہ دے رہے ہیں (اے ایف پی)

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پیر کو عسکریت پسندوں کے خود کش بم حملے میں سات سکیورٹی اہلکار جان سے گئے جبکہ آٹھ عسکریت پسند مارے گئے۔

ڈپٹی سپرٹنڈنٹ پولیس نیاز محمد نے عرب نیوز کو بتایا چار سے پانچ کمروں پر مشتمل عمارت پر ہونے والے حملے میں سات پولیس اور ایف سی اہلکار جان سے گئے۔

ان کا کہنا تھا ’ہم نے ملبے سے سات لاشیں، جن میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے، اور دو زخمیوں کو ریکوری کیا ہے، جبکہ دیگر لاشوں کی تلاش جاری ہے۔ یہ چار سے پانچ کمروں پر مشتمل ایک عمارت تھی۔‘

سکیورٹی ذرائع کے مطابق باجوڑ کے علاقے لوئی ماموند میں ملنگی پوسٹ پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے خودکش حملے کی کوشش کی گئی، جسے ناکام بنا دیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ جوابی کارروائی میں آٹھ حملہ آور مارے گئے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے ضلع باجوڑ کے علاقے ماموند میں ملنگی کے مقام پر فرنٹیئر کور کی چیک پوسٹ پر ہونے والے خودکش حملے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سہیل آفریدی کے مطابق دھماکے کے فوری بعد ریسکیو اداروں کو بھرپور امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن مزید تیز کیا جا رہا ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

پاکستان میں 2021 میں افغانستان میں طالبان کی واپسی کے بعد سے خیبر پختونخوا میں حملوں میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے، جہاں زیادہ تر سابقہ قبائلی اضلاع میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا۔

اسلام آباد کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے سرحد پار افغانستان میں خود کو دوبارہ منظم کر لیا ہے اور وہاں محفوظ ٹھکانوں سے کارروائیاں کر رہی ہے۔

تاہم کابل اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کرتا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیتا۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان