’بھارتی جارحیت ہوئی تو پاکستانی افواج مکمل تیار ہیں‘

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’بھارتی آرمی چیف کا پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں فوجی کارروائی کا بیان معمول کی ہرزہ سرائی ہے اور وہ اپنے لوگوں کو خوش کرنے کے لیے ایسے بیان دے رہے ہیں۔‘

میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ  پاکستان کی افواج ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ (فائل فوٹو)

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی آرمی چیف جنرل منوج مُکندر نرو کی جانب سے دئیے گئے پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر پر حملے سے متعلق بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی قسم کی بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

 جنرل آصف غفور نے ٹوئٹر پر ہفتے کی شام یہ بیان جاری کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ’بھارتی آرمی چیف کا پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں فوجی کارروائی کا بیان معمول کی ہرزہ سرائی ہے اور وہ اپنے لوگوں کو خوش کرنے کے لیے ایسے بیان دے رہے ہیں۔‘

قبل ازیں بھارتی چیف آف آرمی سٹاف نے دارالحکومت دہلی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران انڈین پارلیمان کی جانب سے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر پر قبضہ کرنے کا حکم ملنے کی صورت میں اس سلسلے میں کاروائی کرنے کا عندیہ ظاہر کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’پی او کے (پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر) سے متعلق (بھارتی) پارلیمان کی قرارداد موجود ہے کہ پانچ اگست سے قبل والا پورا جموں اور کشمیر ہمارا (بھارت کا) حصہ ہے۔‘

بھارتی نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ پارلیمانی قرارداد ہے اور اگر پارلیمان چاہے کہ وہ علاقہ بھی ہمارا (بھارت کا) ہو تو اس قسم کے کسی حکم کی صورت میں اس پر ضرور کاروائی کی جائے گی۔

میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ پاکستان کی افواج ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی آرمی چیف اندرونی خلفشار سے توجہ ہٹانے کے ایسے بیانات دے رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان میں مزید کہا گیا کہ جارحیت کی صورت میں پاکستان بھارت کو 27فروری 2019جیسا سبق سکھائے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹویٹر پیغام میں بھارتی آرمی چیف کے بیان کو بھارتی اداروں میں انتہا پسندی کی موجودگی کا تازہ عکاس قرار دیا ہے۔

یاد رہے کہ بھارت نے پانچ اگست کو ایک پارلیمانی قرارداد کے ذریعے اس کے زیر انتظام جموں و کشمیر کو بھارت کا حصہ بنا دیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان