لاہور قلندرز کے ’لکی چارم‘ کے چرچے

کرس لِن کی شاندار سنچری کی بدولت لاہور قلندرز نے پاکستان سپرلیگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے، لیکن سوشل میڈیا پر ایک ننھے مداح کے چرچے ہیں۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں موجود    لاہور قلندرز کی شرٹ پہنے  ننھا مداح (تصویر: ٹوئٹر)

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہور قلندرز نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے، لیکن سوشل میڈیا پر قلندرز کے ایک ننھے فین کے چرچے ہیں، جسے ٹیم کے لیے خوش قسمت یعنی ’لکی چارم‘ قرار دیا جارہا ہے۔

اتوار کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان ہونے والے میچ کے موقعے پر کرونا وائرس کی وجہ سے سٹیڈیم میں تو ویرانی چھائی رہی لیکن لاہور قلندرز کی شرٹ پہنے ایک ننھا مداح وہاں ضرور موجود تھا، جو اکثر سٹیڈیم میں اپنی ٹیم کو سپورٹ کرتا نظر آتا ہے۔

واضح رہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کی وجہ سے پی ایس ایل کے میچز تو نہیں روکے گئے لیکن احتیاطی تدابیر کے طور پر سٹیڈیم میں شائقئن کی آمد پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

لاہور قلندرز کی جیت میں آج اہم کردار آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے بلے باز کرس لِن نے ادا کیا، جو اس فرنچائز کی جانب سے سنچری سکور کرنے والے پہلے بلے باز بن گئے اور جن کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ان کی ٹیم پاکستان سپر لیگ میں پہلی مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔

اگرچہ کرکٹ شائقین کرس لِن اور باقی ٹیم کو تو سراہ ہی رہے ہیں، لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہیں، جو اس کامیابی کا سہرا اس ننھے فین کے سر باندھ رہے ہیں، جو قلندرز کو سپورٹ کرنے کے لیے سٹیڈیم میں موجود تھا۔

احسن نامی ایک صارف نے لکھا:’ لاہور قلندرز کا لکی چارم اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے سٹیڈیم میں موجود ہے۔‘

ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا: ’جب بھی یہ بچہ سٹیڈیم میں موجود ہوتا ہے تو لاہور قلندرز اپنا میچ جیت جاتی ہے۔‘

انس سعید نامی صارف نے اپنی ٹویٹ میں اس بچے کا نام عبدالاحد بتایا۔

ایک اور صارف نے اس بچے کی تصویر شیئر کرکے لکھا: ’اسی وجہ سے لاہور قلندرز آج شاندار کارکردگی دکھا رہی ہے۔‘

ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ملتان سلطانز کے مالک علی خان ترین بھی اس بچے کے ’چارم‘ سے پریشان ہوگئے۔

یہی وجہ ہے کہ میچ کے بعد انہوں نے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ کہتے نظر آئے: ’جب سے یہ لڑکا آیا ہے، لاہور جیتنا شروع ہو گیا ہے۔ کیا چکر ہے؟‘

ساتھ ہی انہوں نے بچے سے پوچھا: ’فائنل میں تو نہیں آؤ گے نا؟‘

اور اثبات میں جواب ملنے پر علی ترین کا ردعمل دیکھنے والا تھا۔

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل