تخلیقی میڈیا مقابلہ: پرعزم ایوارڈز کے لیے اندراج کروانے کا آج آخری دن   

وزارتِ اطلاعات و نشریات پاکستان کے زیرِ انتظام اس مقابلے میں صحافی، فلم ساز اور طلبہ حصہ لے سکتے ہیں۔

مذہبی ہم آہنگی کے موضوع پر مقابلے میں حصہ لینے والی  ایک امیدوار کی اندراج کروائی گئی ایک تصویر۔ بشکریہ پرعزم پاکستان ویب سائٹ

انتہا پسندی کے خلاف آواز اٹھانے والے اشخاص اور اداروں کی کوششوں کو سراہنے کے لیے 2014 میں متعارف کی گئی وفاقی حکومت کی ’پرعزم پاکستان‘ مہم کے تحت ہونے والے سالانہ پرعزم ایوارڈز اس سال 25 مارچ کو منقد کیے جائیں گے۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات پاکستان کے زیرِ انتظام اس مقابلے میں صحافی، فلم ساز اور طلبہ حصہ لے سکتے ہیں۔

مقابلے کے چار موضوعات ہیں، ’تشدد کے بجائے امن‘، ’مذہبی ہم آہنگی‘، ’انتہاپسندی کی حمایت روکنا‘ اور ’تشدد کے خلاف بات کرنا‘۔  

ایوارڈ چار کیٹیگریز میں دیے جائیں گے جن میں اصل زندگی یا واقعات پرمبنی تین سے پانچ منٹ دورانیے کی ویڈیودستاویزی فلم، ایک سے پانچ منٹ دورانیے کی مختصر فلم، اینیمیشن یا انفوگرافک، دو سے تین منٹ دورانیے کے نیوز پیکج، تصویری کہانی، پینٹنگ یا پوسٹر اور مقابلے کے موضوعات سے متعلق تحاریر جیسے کسی شخص کی پروفائل وغیرہ شامل ہیں۔  

ویڈیو دستاویزی فلم کا پہلا انعام تین لاکھ، دوسرا انعام ایک لاکھ 50 ہزار اور ’سب سے زیادہ وائرل‘ کا انعام 50 ہزار ہے۔ مختصر فلم، اینیمیشن یا انفوگرافک کی کیٹیگری میں پہلا انعام ایک لاکھ 50 ہزار، دوسرا انعام ایک لاکھ اور ’سب سے ذیادہ وائرل‘ کا انعام 50 ہزار ہے۔

اسی طرح نیوز پیکج کا پہلا انعام ایک لاکھ 50 ہزار، دوسرا انعام ایک لاکھ، تصویری کہانی کا پہلا انعام ایک لاکھ 50 ہزار اور دوسرا انعام 50 ہزار جبکہ تحریری کہانیوں کا پہلا انعام 75 ہزار اور دوسرا انعام 50 ہزار ہے۔    

جیتنے والوں کا انتخاب صحافیوں، مصنفوں اور دیگر ماہرین پر مشتمل پینل کرے گا۔ ایوارڈز کی تقریب 25 مارچ کو ہوگی۔  

مقابلے میں حصہ لینے کے خواہیش مند افراد پرعزم پاکستان کی ویب سائٹ پر آن لائن فارم بھر کر اپنا اندراج کروا سکتے ہیں جبکہ پراجیکٹ جمع کروانے کی آخری تاریخ 15 مارچ (آج) ہے۔

آئی سی آر سی کا مقابلہ برائے مضمون نویسی 

بین الاقوامی ادارہ براے ریڈ کراس (آئی سی آر سی) نے بھی اپنے سالانہ مضمون نویسی مقابلے کا اعلان کر دیا ہے۔

آئی سی آر سی کے مطابق اس سال کا موضوع ہے ’طبی سہولیات وعملے کے خلاف تشدد کا رجحان‘، جس کے لیے پانچ ہزار الفاظ پر مشتمل مضمون اردو اور انگریزی زبان میں جمع کروایا جاسکتا ہے۔  

جیتنے والے مضمون کے لیے پہلا انعام 80 ہزار، دوسرا انعام 60 ہزار اور تیسرا انعام 40 ہزار ہے۔     

مضامین،  لکھنے والے کے نام، ای میل، فون نمبر اور پیشے کی تفصیلات کے ساتھ [email protected] پر پی ڈی ایف کی صورت میں ارسال کیے جاسکتے ہیں۔

مضامین جمع کروانے کی آخری تاریخ 26 اپریل ہے۔  

زیادہ پڑھی جانے والی نئی نسل