انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں پولیس کے مطابق بدھ کو ایک عمارت میں واقع ریسٹورنٹ میں آتشزدگی کے نتیجے میں 21 افراد چل بسے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق جنوبی دہلی کے علاقے مالویہ نگر علاقے میں واقعے اس عمارت کی نچلی منزل پر ایک ریسٹورنٹ تھا جبکہ اوپر کی منزلوں پر رہائشی یونٹس قائم تھے۔
انڈین خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق ڈپٹی کمشنر پولیس (ڈی سی پی) جنوبی اننت متل نے بتایا کہ ’آج صبح 8 بج کر 48 منٹ پر مالویہ نگر میں واقع فلورش اسٹے بی اینڈ بی میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی۔‘
انہوں نے بتایا کہ مقامی پولیس فوری طور پر موقعے پر پہنچی اور ریسکیو، انخلا اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اننت امتل کے مطابق فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیوں کی مدد سے آگ پر کامیابی سے قابو پا لیا گیا اور پولیس، فائر سروسز اور دیگر ہنگامی امدادی اداروں کی مشترکہ کوششوں سے 40 سے زائد افراد کو بچا کر قریبی ہسپتالوں میں علاج کے لیے منتقل کیا گیا ہے۔
اے این آئی نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ واقعے میں 21 اموات ہوئیں جبکہ ریسکیو اور تلاش کی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔
دہلی پولیس کے مطابق عمارت کے ریسٹورنٹ میں آتشزدگی سے مرنے والوں کی اکثریت غیر ملکی شہریوں پر مشتمل ہے۔
مالویہ نگر کے حلقے سے بی جے پی کے رکن اسمبلی ستیش اپادھیائے نے جائے حادثہ کے دورے کے موقعے پر بتایا کہ ’یہاں بنگلہ دیشی شہریوں سمیت سارک ممالک سے تعلق رکھنے والے ایسے افراد بھی مقیم تھے جو طبی علاج کے لیے دہلی آئے تھے اور بی اینڈ بی میں قیام پذیر تھے۔‘