انڈیا کے ہسپتال میں آگ لگنے سے 10 مریضوں کی موت

ریاست اوڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ کٹک کے سرکاری ہسپتال کے ٹراما کیئر یونٹ میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی

16 مارچ 2026 کو کٹک میں ایس سی بی میڈیکل کالج اور ہسپتال کے ٹراما کیئر سینٹر کے باہر آتشزدگی کے متاثرین کے رشتہ دار جمع ہیں (اے ایف پی)

انڈین حکام نے پیر کو بتایا ہے کہ مشرقی انڈیا میں سرکاری ہسپتال کے ٹراما کیئر یونٹ میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں وہاں داخل تشویشناک حد تک بیمار کم از کم 10 مریض جان سے چلے گئے۔

آگ بجھانے والے آلات کی کمی اور حفاظتی ضوابط کی معمول کی خلاف ورزی کے باعث انڈیا میں عمارتوں میں آگ لگنے کے واقعات عام ہیں۔

ریاستی وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی نے صحافیوں کو بتایا کہ آگ پیر کی صبح ریاست اوڈیشہ کے شہر کٹک میں ایس سی بی میڈیکل کالج اور ہسپتال کی پہلی منزل پر لگی۔

انہوں نے کہا کہ ’ٹراما آئی سی یو وارڈ میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی جہاں مریضوں کا علاج کیا جا رہا تھا۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کے وقت اس منزل پر 23 مریض موجود تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آگ لگنے کے بعد 10 افراد جان سے گئے جب کہ باقی مریضوں کو دوسرے وارڈز میں منتقل کر دیا گیا۔

مریضوں کو بچانے کی کوشش میں عملے کے کم از کم 11 ارکان جھلس کر زخمی ہو گئے۔

انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں اس واقعے کو 'انتہائی تکلیف دہ' قرار دیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے لیے 2160 ڈالر معاوضے کا بھی اعلان کیا۔

بجلی کے شارٹ سرکٹ، جو اکثر ناقص وائرنگ کی وجہ سے ہوتے ہیں، انڈیا میں آگ لگنے کے واقعات کی بنیادی وجہ ہیں۔

2024 میں، جنوبی ریاست تمل ناڈو کے ایک نجی ہسپتال میں آگ لگنے سے کم از کم چھ افراد ہلاک اور دو درجن سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

اسی سال شمالی ریاست اتر پردیش کے ایک ہسپتال میں آگ لگنے سے 10 نوزائیدہ بچے جان سے چلے گئے تھے۔

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا