ٹرمپ کے ’ناتجربہ کار‘ انٹیلی جنس سربراہ بِل پلٹ کون ہیں؟

امریکی وفاقی فیڈرل ہاؤسنگ فنانس ایجنسی کے سربراہ بل پلٹ کو تلسی گبارڈ کی جگہ مقرر کیا گیا ہے۔

وفاقی ہاؤسنگ فنانس ایجنسی کے سربراہ بل پلٹ 2 جون 2026 کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے (فائل/ روئٹرز)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو اپنے ایک وفادار ہاؤسنگ عہدیدار کو، جس کا ٹرمپ کے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کا سابقہ ریکارڈ ہے، امریکی انٹیلی جنس کا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔ حالانکہ ان کے پاس قومی سلامتی کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔

بل پلٹ جو اس وقت وفاقی ہاؤسنگ فنانس ایجنسی کے سربراہ ہیں، کو تلسی گبارڈ کی جگہ مقرر کیا گیا ہے۔ گبارڈ نے گذشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے کینسر میں مبتلا شوہر کی دیکھ بھال کے لیے عہدہ چھوڑ رہی ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر تقرری کا اعلان کرتے ہوئے پلٹ کی تعریف کی اور کہا کہ ’انہیں امریکہ کے انتہائی حساس معاملات، یعنی منڈیوں کی سلامتی اور استحکام کے انتظام کا گہرا تجربہ حاصل ہے۔‘

امریکہ میں ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس (DNI) پورے انٹیلی جنس نظام کی نگرانی کرتا ہے اور صدر کا اہم انٹیلی جنس مشیر ہوتا ہے۔ قانون کے مطابق اس عہدے کے لیے ’وسیع قومی سلامتی کی مہارت‘ درکار ہوتی ہے۔

تاہم 38 سالہ بل پلٹ، جو ایک معروف تعمیراتی کاروباری خاندان کے وارث ہیں، کے پاس قومی سلامتی کا کوئی عملی تجربہ نہیں ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ پلٹ اپنی موجودہ ذمہ داریوں، بشمول فینی مے اور فریڈی میک کی نگرانی بھی جاری رکھیں گے۔

امریکی میڈیا نے پلٹ کو ٹرمپ کا ’اٹیک ڈاگ‘ (حملہ آور سیاسی حامی) قرار دیا ہے کیونکہ وہ مخالفین پر جارحانہ انداز میں حملے کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے ڈیموکریٹ سینیٹر اور نیویارک کی اٹارنی جنرل پر رہن (مارگیج) کی درخواستوں میں جعلی دستاویزات استعمال کرنے کے الزامات لگائے تھے۔

رپورٹس کے مطابق پلٹ پر یہ الزام بھی لگایا گیا کہ انہوں نے لیٹیشیا جیمز اور دیگر ڈیموکریٹ عہدیداروں کے رہائشی قرضوں کا ریکارڈ نامناسب طریقے سے حاصل کیا۔

انہوں نے امریکی فیڈرل ریزرو کی گورنر کے خلاف بھی ایک رہن فراڈ کیس کی حمایت کی، جس کی بنیاد پر ٹرمپ نے انہیں عہدے سے ہٹانے کی کوشش کی تھی۔ یہ معاملہ اس وقت سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ہے۔

ڈیموکریٹس کی تنقید

ڈیموکریٹ رہنماؤں نے پلٹ کی تقرری پر شدید اعتراض کیا ہے۔

سینیٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے نائب چیئرمین مارک وارنر نے کہا کہ ’صدر نے ایسے شخص کا انتخاب کیا ہے جس نے نہ صرف سیاسی انتقام کے لیے حکومتی اختیارات استعمال کرنے کی آمادگی دکھائی ہے بلکہ اس میں خاص دلچسپی بھی ظاہر کی ہے۔‘

سینیٹ میں ڈیموکریٹ رہنماچک شومر نے کہا کہ ’جو شخص سیاسی بنیادوں پر بے بنیاد اور اشتعال انگیز الزامات لگاتا ہو، اسے قومی سلامتی کی ذمہ داری نہیں سونپی جا سکتی۔‘

ٹرمپ کے اتحادیوں کی حمایت

دوسری جانب ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں نے پلٹ کا دفاع کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جے ڈی وینس نے انہیں ایک ’بہترین شخص‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ انٹیلی جنس بیوروکریسی کو منتخب قیادت کے تابع ہونا چاہیے۔

وائٹ ہاؤس کے اقتصادی مشیر کیون ہیسیٹ نے انہیں ’شاندار شخصیت‘ قرار دیا جو صدر کے اعتماد پر پورا اترتے ہیں۔

متنازع پس منظر

بل پلٹ سے پہلے بھی تلسی گبارڈ کی تقرری متنازع رہی تھی۔ ناقدین انہیں سازشی نظریات پر یقین رکھنے اور روسی بیانیے سے متاثر ہونے کا الزام دیتے رہے ہیں۔

تاہم مبصرین کے مطابق پلٹ ماضی کے اپنے اقدامات کی وجہ سے اس عہدے پر مزید تنازع کا باعث بن سکتے ہیں۔

انہوں نے ماضی میں اپنے اتحادیوں کے خلاف تحقیقات کرنے والے داخلی نگرانی کے افسران کو بھی برطرف کیا تھا اور اسے تنوع، مساوات اور شمولیت پالیسیوں کے خاتمے کی کوشش قرار دیا تھا۔

ہاؤسنگ پالیسی کے حوالے سے انہوں نے امریکہ میں 50 سالہ رہائشی قرض (مورگیج) متعارف کرانے کی حمایت کی، جس پر ٹرمپ کے بعض حامی حلقوں نے بھی سخت تنقید کی۔

بل پلٹ اپنے خاندانی کاروبار پلٹ گروپ کے مستقبل کے معاملے پر اپنے خاندان سے اختلافات کے بعد 2020 میں کمپنی کے بورڈ سے الگ ہو گئے تھے۔

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ