محمد بن سلمان پاکستان میں سب سے مشہور غیرملکی لیڈر ہیں: فواد چوہدری

اپنے خصوصی انٹرویو میں وفاقی وزیر برائے سائنس  و ٹیکنالوجی نے کہا کہ محمد بن سلمان پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو ایک نئی بلندی کی جانب گامزن کر چکے ہیں۔

(اے ایف پی)

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی، فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 'جب سے شہزادہ محمد بن سلمان نے عنان حکومت سنبھالی ہے، وہ پاکستان اور سعودی عرب کے دو طرفہ تعلقات کو مسلسل نئی بلندیوں کی جانب لے کر جا رہے ہیں۔'

عرب نیوز سے خصوصی انٹرویو میں بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ فروری 2019 میں پاکستان کے دورے میں شہزادہ محمد بن سلمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'مجھے سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھا جائے۔'

فواد چوہدری نے کہا کہ ان کا دورہ بہت یادگار رہا۔ وزیر اعظم عمران خان بھی سرکاری طور پر اب تک سعودی عرب سے زیادہ کہیں بھی نہیں گئے، اسی طرح شہزادہ محمد بن سلمان بھی بنفس نفیس ایک بڑے وفد کے ساتھ پاکستان تشریف لائے۔
 فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جو بھی حکومت رہی، ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات بہترین رہے۔ یہ لوگوں کے دلوں کا رشتہ ہے جو آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔ پاکستانیوں کے دل میں سعودی

عرب کے لیے ہمیشہ سے بہت احترام پایا جاتا ہے۔ سعودی عرب ہمیشہ مشکل سے مشکل حالات میں بھی پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ 

شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ پلان نہ صرف سعودی عرب کے لیے بلکہ پوری مسلم امہ کے لیے فائدہ مند ہے۔ 

انہوں نے اس پلان میں موجود تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور ثقافتی تبدیلیوں کی اہمیت کے حوالے سے کہا کہ یہ ایجنڈا دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے بہت مستقبل بین ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے شدت پسندی کے خلاف جنگ میں بہت نقصانات اٹھائے ہیں، ہمیں جدید دنیا کے ساتھ چلنے کے لیے ان اہم ثقافتی تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ 

انہوں نے مستقبل میں کرونا سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور سعودی عرب کے مشترکہ ممکن اقدامات پر بھی گفتگو کی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس وبا کے ختم ہونے کے بعد انہیں امید ہے کہ دونوں ممالک سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون بڑھائیں گے بالخصوص زراعت کے شعبے میں، جہاں سیٹیلائٹ اور ڈرون ٹیکنالوجی سے فصلوں کی دیکھ بھال عمدہ طریقے سے ممکن ہے۔ 
 انہوں نے کہا کہ پاکستان زراعت میں دوسرے بہت سے ملکوں کی نسبت کافی ترقی یافتہ ہے، ہم اپنا تجربہ سعودی عرب کے ساتھ شئیر کرنا چاہیں گے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان