’زندگی کا نیا باب‘: وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کے ہاں بیٹی کی پیدائش

بھارتی کپتان نے ٹوئٹر پر اپنے چار کروڑ فالوورز کو بتایا کہ انوشکا اور بیٹی دونوں صحت مند ہیں۔

کوہلی اور انوشکا کی شادی دسمبر  2017  میں اٹلی میں ہوئی تھی (اے ایف پی)

بھارت کی بڑی اداکاراؤں میں سے ایک انوشکا شرما اور ان کے شوہر وراٹ کوہلی نے پیر کو اپنے پہلے بچے کی پیدائش کا اعلان کیا۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان کوہلی نے ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کے ساتھ خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’ہم آپ کے ساتھ یہ خبر شیئر کرتے ہوئے پرجوش ہیں کہ اس دوپہر ہماری بیٹی پیدا ہوئی ہے۔‘

اس پوسٹ کو  پیر کی شام تک تین لاکھ 40 ہزار لائکس مل چکے تھے۔

کوہلی اور انوشکا کی شادی دسمبر 2017 میں اٹلی میں ہوئی تھی، جس کے بعد ممبئی میں شادی کی پرتکلف دعوت ہوئی۔ اس دعوت میں وزیر اعظم نریندر مودی سمیت ملک کی مشہور شخصیات نے شرکت کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دونوں نے اگست 2020 میں حمل کا اعلان کرتے ہوئے ٹوئٹر پر ایک جیسے پیغامات شیئر کرتے ہوئے لکھا ’اور پھر ہم تین ہو گئے! جنوری 2021 میں آمد ہو گی۔‘

بھارتی کپتان نے ٹوئٹر پر اپنے چار کروڑ فالوورز کو مزید بتایا: ’انوشکا اور نومولود دونوں صحت مند ہیں اور ہم اپنی زندگیوں کا یہ نیا باب شروع ہونے پر انتہائی بابرکت محسوس کر رہے ہیں۔‘

بھارتی فلم انڈسٹری کے بڑے فنکاروں میں شمار ہونے والی 32 سالہ انوشکا کئی ہٹ فلموں جیسا کہ ’پی کے‘، ’سلطان‘، ’دل دھڑکنے دو‘ کے علاوہ ایمزون پرائم ویڈیو پر ویب سیریز ’پاتال لوک‘ اور نیٹ فلکس فلم ’بلبل‘ اپنے پروڈکشن ہاؤس کلین سلیٹ فلمز کے تحت کر چکی ہیں۔

کوہلی دنیا کے بہترین کرکٹروں میں شمار ہوتے ہیں اور 12 ہزار سے زائد رنز اور 43 سینچریوں کے ساتھ 2017 کے بعد سے مسلسل ٹاپ رینک ون ڈے بلے باز ہیں۔

ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا کے دورے پر آئے 32 سالہ کوہلی پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد چھٹی لے کر واپس وطن لوٹ آئے تھے، جس کے بعد سے وہ مسلسل اپنی بیوی کے ہمراہ ہیں۔

مداحوں اور مشہور شخصیات نے ٹوئٹر پر دونوں کو مبارک باد بھی دی۔

© The Independent

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ