نئی گیند سے بولنگ کروانا اچھا لگتا ہے: ثنا میر

جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں ثنا میر نے صرف 11 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔

ثنا میر پہلے ایک روزہ میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔ تصویر: پی سی بی/ ٹوئٹر

پاکستان وومن ٹیم کی سابق کپتان اور سٹار بولر ثنا میر کا کہنا ہے کہ انھیں نئی گیند سے بولنگ کرنا اچھا لگتا ہے۔

ثنا میر ان دنوں پاکستان وومن ٹیم کے ہمراہ جنوبی افریقہ میں موجود ہیں جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی چیمپیئن شپ کے سلسلے میں تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی جا رہی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پیر کو کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی ہے۔

پاکستان کی جانب سے ثنا میر نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔

ثنا میر نے ایک بار پھر نئی گیند سے بولنگ کرواتے ہوئے چھ اوورز میں صرف 11 رنز دے کر چار اہم وکٹیں حاصل کیں۔

اسی بارے میں ان کا کہنا تھا کہ انھیں نئی گیند سے بولنگ کروا کر خوشی ہوتی ہے۔

’یہ زبردست بات ہے کہ میں ٹیم کی کامیابیوں میں اپنا حصہ ڈال رہی ہوں اور بطور سپنر نئی گیند سے بولنگ کروانا اچھا لگتا ہے۔‘

پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی تو ان کی پوری ٹیم صرف 63 رنز ہی بنا سکی۔ جواب میں پاکستان کی وومن ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔

ثنا میر کا کہنا تھا کہ ’ہم نے پوائنٹس تو حاصل کر لیے ہیں لیکن ہم ریلیکس نہیں ہو سکتے کیونکہ جنوبی افریقہ کی اچھی ٹیم ہے اور وہ زبردست واپسی کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔‘

واضح رہے کہ ثنا میر کئی برسوں سے پاکستان کی جانب سے بہترین بولر رہی ہیں اور وہ اس وقت بھی آئی سی سی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ نو مئی کو کھیلا جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ