ورلڈ چیمپیئن باکسر جوشوا کو شکست، رِنگ میں گرے اور مسکرا دیے

یوکرین کے اولیکزینڈر یوسک نے برطانوی سٹار باکسر انتھونی جوشوا کو ہرا کر ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

25 ستمبر، 2021 کو لندن میں ہونے والے میچ میں اولیکزینڈر یوسک برطانوی باکسر جوشوا کو مکہ مارتے ہوئے(فوٹو: روئٹرز)

یوکرین کے اولیکزینڈر یوسک نے ہفتے کو برطانوی سٹار باکسر انتھونی جوشوا کو ہرا کر ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

کروزر ویٹ ڈویژن سے ہیوی ویٹ میں آنے کے محض تیسرے مقابلے میں یوسک نے یہ اعزاز جیتا۔

ایونڈر ہولی فیلڈ اور ڈیوڈ ہائے کے بعد یوسک تیسرے باکسر ہیں، جنھوں نے کروزر ویٹ ٹائٹلز جیتنے کے بعد ہیوی ویٹ کا عالمی ٹائٹل بھی جیتا۔

جوشوا یوسک کے بہترین ریفلیکسز اور مکوں کی طاقت سہہ نہیں سکے، بالخصوص ان کے بائیں مکے کی۔ ڈبلیو بی او بیلٹ کے لازمی چیلنجر کی طرف سے تابڑ توڑ گھونسے لگنے کے بعد جوشوا رِنگ میں گر پڑے۔

یوسک نے جوشوا کے ڈبلیو بی اے اور آئی بی ایف ٹائٹلز بھی حاصل کر لیے ہیں۔

تاہم جوشوا کے پاس معاہدے میں دوبارہ میچ کی شق کی وجہ سے ٹائٹل واپس لینے کا ایک موقع ہے۔

ججوں نے فائٹ میں 117-112، 116-112 اور 115-113 کا سکور دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یوسک نے تمام کروزر ویٹ بیلٹس اکھٹے کرنے کے بعد 2019 میں ہیوی ویٹ کی طرف قدم بڑھایا اور اب بطور پروفیشنل وہ مسلسل 19 مقابلے جیت چکے ہیں۔

آج کے مقابلے میں یوسک کی توانائی دیدنی تھی جو حتمی راؤنڈ میں جوشوا پر مکوں کی برسات سے صاف دکھائی دی۔

چیمپیئن جوشوا مقابلے کے آخری سیکنڈز میں بے بس دکھائی دیے۔ وہ رنگ میں گرے اور محض مسکرا دیے۔

جیسے ہی آخری گھنٹی بجی یوسک اپنے گھٹنوں کے بل گرے اور لندن کے آسمان کی طرف دیکھا۔ اس موقعے پر ٹوٹنہم ہاٹس پور سٹیڈیم کے اندر 62 ہزار تماشائی دم بخود دکھائی دیے۔

فتح کے بعد یوسک نے رنگ کے اندر ایکروبیٹک ڈانس سے حاضرین کو محظوظ کیا۔

جوشوا نیویارک میں اینڈی روئز جونیئر سے شکست کے بعد اپنے 25 فائٹ پرو کیریئر میں دوسری مرتبہ ہارے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل