عابد باکسر اب لاہوریوں کو باکسنگ سکھائیں گے

ماضی میں 'انکاؤنٹر سپیشلسٹ'کے نام سے مشہور عابد باکسر کا کہنا ہے کہ 'جس طرح پنجاب پولیس میں بطور انسپکٹر نام بنایا، باکسنگ کے میدان میں بھی عالمی سطح پر ملک کا نام روشن ہوگا۔'

عابد باکسر کے مطابق عدالت کی جانب سے کئی سال بعد انسپکٹر کے عہدے پر بحالی کے بعد انہوں نے خود استعفیٰ دے کر باکسنگ کا شعبہ اپنایا ہے۔(تصویر: سوشل میڈیا)

ماضی میں پنجاب پولیس کے ' انکاؤنٹر سپیشلسٹ' کے نام سے شہرت پانے والے انسپکٹر عابد حسین عرف عابد باکسر کو باکسنگ ایسوسی ایشن لاہور کا چیئرمین منتخب کرلیا گیا ہے۔

عابد باکسر نے یہ عہدہ ملنے کو اپنے لیے ایک اعزاز قرار دیتے ہوئے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ باکسنگ کے شعبے کو ناقابلِ تسخیر بنائیں گے اور نچلی سطح سے بڑے کھلاڑیوں تک کو وہ مقام دلوائیں گے جس کے وہ مستحق ہیں۔

'جس طرح پنجاب پولیس میں بطور انسپکٹر نام بنایا، باکسنگ کے میدان میں عالمی سطح پر ملک کا نام روشن ہوگا۔'

ان کا کہنا تھا کہ عدالت کی جانب سے کئی سال بعد انسپکٹر کے عہدے پر بحالی کے بعد انہوں نے خود استعفیٰ دے کر باکسنگ کا شعبہ اپنایا ہے۔

عابد باکسر انسپکٹر عابد حسین کیسے بنے؟

عابد باکسر کھیلوں کی بنیاد پر ہی لاہور گونمنٹ کالج یونیورسٹی میں داخلہ لینے میں کامیاب ہوئے تھے اور اسی بدولت انہیں باکسنگ میں کئی اعزازات بھی ملے۔ عابد باکسر نے سیف گیمز میں سونے کا تمغہ جیتا، جونیئر ورلڈ کپ میں چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا جبکہ پانچ مرتبہ نیشنل باکسنگ چیمپیئن شپ بھی جیتی۔

نیشنل گیمز میں محکمہ پولیس کی طرف سے کھیلتے ہوئے باکسنگ میں گولڈ میڈل جیتنے پر تربیت کے دوران ہی عابد کو سب انسپکٹر بنا دیا گیا اور انہیں باقاعدہ پولیس فورس کا حصہ بنا کر آپریشنل ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔

(تصویر: سوشل میڈیا)


اس کے بعد وہ لاہور کے مختلف تھانوں میں بطور ایس ایچ او بھی تعینات رہے۔ اسی دوران انہوں نے جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف بڑی کارروائیاں کیں۔

90 کی دہائی میں سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کے پہلے دورِ حکومت میں انہیں 'انکاؤنٹر سپیشلسٹ' کے نام سے شہرت ملی۔ جرائم پیشہ افراد تو ان کے نام سے واقف تھے ہی، عام شہریوں میں بھی وہ کافی مشہور تھے۔

اداکارہ نرگس پر تشدد اور ان کے بال مونڈھنے کا الزام بھی ان کے سر آیا۔ اسی طرح ماورائے عدالت پولیس مقابلوں میں قتل ہونے والوں کے اہل خانہ نے بھی ان کے خلاف کئی مقدمات درج کرائے تھے۔ یہی وجہ تھی کہ کئی سال پہلے وہ دبئی شفٹ ہوگئے تھے اور انہیں محکمہ پولیس سے بھی برطرف کردیا گیا تھا۔

چند ماہ پہلے وہ دبئی سے واپس آئے اور ان کے مطابق عدالت نے انہیں الزامات سے بری کرکے انسپکٹر کے عہدے پر بحال کردیا تھا، لیکن انہوں نے خود استعفیٰ دے دیا۔

(تصویر: سوشل میڈیا)


باکسنگ کے لیے عزم

سابق پولیس انسپکٹر عابد حسین باکسر نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا کہ انہیں باکسنگ ایسوسی ایشن لاہور کا چیئرمین منتخب ہونے پر اعزاز محسوس ہو رہا ہے، جبکہ اس سے پہلے وہ باکسنگ ایسوسی ایشن پنجاب کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت باکسرز کی جو حالت زار ہے انہیں عزت واحترام دلوانے، نوجوان باکسرز کی حوصلہ افزائی اور باکسنگ کوفروغ دینا ان کے لیے انتہائی اہم ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عابد حسین کے مطابق ان کے باکسنگ کے ساتھ لگاؤ کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے اپنے نام کے ساتھ ہمیشہ باکسر لکھوایا۔ 'بیشتر لوگ سمجھتے تھے کہ ان کے نام کے ساتھ باکسر محض فرضی لکھا جاتا ہے لیکن میں بتانا چاہتا ہوں کہ میرا اصل جنون باکسنگ ہی رہا ہے۔'

محکمہ پولیس دوبارہ جوائن کرنے کی بجائے باکسنگ کے شعبے کو ترجیح دینے کی وجہ کے حوالے سے سوال پر عابد باکسر نے کہا کہ 'باکسنگ واحد گیم ہے جس میں سفارش نہیں چلتی کیونکہ رِنگ میں ٹیلنٹ خود بولتا ہے۔میں اپنے باکسر بھائیوں کو وہ مقام دلوانا چاہتا ہوں جو ان کا حق ہے۔'

ان کا مزید کہنا تھا کہ سکولوں، کالجوں اور کلبوں میں باکسنگ کا سامان وہ خود فراہم کریں گے، جس سے مقابلوں میں غیر معمولی اضافہ ہوگا، جبکہ نوجوانوں کو باکسنگ کی طرف راغب کرنے کے لیے ان کی ہر ممکن حوصلہ افزائی اور مالی امداد کی جائے گی۔

عابد باکسر نے کہا کہ پاکستانی باکسرز میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے اور توجہ دی جائے تو ماضی کی طرح یہاں بھی بڑے بڑے باکسرز سامنے آئیں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل