کالام میں سنو فیسٹیول کا آغاز، سیاحت اور سنو سپورٹس کا فروغ

سوات کے سیاحتی مقام کالام کے شاہی گراؤنڈ میں سنو فیسٹیول کا آغاز ہو گیا ہے، جہاں سکیئنگ، کبڈی اور دیگر مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔

سوات کے سیاحتی مقام کالام کے شاہی گراؤنڈ میں سنو فیسٹیول جاری ہے جہاں مقامی بچوں کے لیے سکیئنگ، سنو کبڈی اور دیگر مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔

سنو فیسٹیول کا اہتمام مقامی نوجوانوں، ہوٹل ایسوسی ایشن اور کالام سوات کے عوام کی جانب سے کیا گیا ہے۔

فیسٹیول دیکھنے کے لیے ملک بھر سے بڑی تعداد میں سیاح شاہی گراؤنڈ پہنچے ہیں جو مختلف کھیلوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سیاح اور کھلاڑی برف باری سے بھی خوب محظوظ ہو رہے ہیں۔

کاشف زیب نامی مقامی بچے نے انڈپین ڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ’میں یہاں سکیئنگ کرتا ہوں۔ ہم نے یہ سلوپ اپنی مدد سے تیار کیا ہے۔ میں کالام سے پاکستان کا نام روشن کروں گا اور سیاحت کو فروغ دوں گا۔‘

سہیل عباس بھی ایک مقامی سکیئنگ پلیئر ہے جن کا کہنا ہے کہ وہ کالام شاہی گراؤنڈ میں سکیئنگ کرتے ہیں اور وہ سیاحوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ بھی برفباری میں یہاں آ کر اسکیئنگ کریں اور لطف اٹھائیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مقامی کبڈی کھلاڑی خائستہ رحمٰن نے کہا کہ ’ہم نے محنت کی ہے اور دو میچ جیتے ہیں، جس پر ہمیں خوشی ہے۔ ہماری ٹیم کے سربراہ حمید نے بہت محنت کی ہے، اور اس کامیابی کا کریڈٹ انہی کو جاتا ہے۔‘

اس فیسٹیول کے آرگنائزر عزیز کالامی نے انڈیپنڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا: ’اس فیسٹیول میں مختلف قسم کے کھیل شامل ہیں، جن میں جیپ ریلی، سنو کبڈی اور سکیئنگ شامل ہے۔ ہم نے کالام کے بچوں کو باقاعدہ تربیت دی ہے۔ پہلے یہاں ونٹر ٹورازم نہیں تھا، اب اس فیسٹیول کا مقصد موسم سرما کی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل