دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں کہ سوات پرامن جگہ ہے: گندھارا سینٹر

اس سینٹر میں آرٹس، موسیقی، تھیٹر اور ثقافتی سرگرمیوں کی تمام سہولیات ایک ہی جگہ دستیاب ہیں۔

خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں  ایک ایسا جامع تخلیقی مرکز قائم کیا گیا ہے جو نہ صرف فنون لطیفہ کی تربیت فراہم کرتا ہے بلکہ خطے کی قدیم گندھارا تہذیب کو جدید فنی اظہار سے جوڑنے کی عملی کوشش بھی ہے اور یہاں کی خاتون کوآرڈینیٹر کا کہنا ہے کہ دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں کہ ’سوات ایک پرامن جگہ ہے۔‘

گندھارا سینٹر آف آرٹس اینڈ کلچر نوجوان فنکاروں، موسیقاروں، اداکاروں، خواتین اور ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے ایک ہی چھت تلے وہ سہولیات فراہم کر رہا ہے جو اس سے قبل اس علاقے میں دستیاب نہیں تھیں۔

یہ مرکز مصوری، موسیقی، تھیٹر، فلم سکریننگ، ثقافتی مکالمے اور روایتی سرگرمیوں کے ذریعے سوات کے ثقافتی ورثے کو دوبارہ زندہ کرنے کا ایک منفرد پلیٹ فارم بن کر سامنے آیا ہے۔

سینٹر میں قائم گندھارا گیلری میں مصوری اور گندھارا آرٹ کی نمائشوں کا اہتمام کیا جاتا ہے، جہاں مقامی فنکاروں کے تخلیقی کام کو عوام کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے۔

گندھارا سینٹر کے فاؤنڈر حسنین جمال نے انڈیپنڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ اس سینٹر کے قیام کا بنیادی مقصد یہاں کے آرٹس اور کلچر کو فروغ دینا ہے۔

’ہم نے گندھارا کا نام اس لیے منتخب کیا کیونکہ گندھارا تہذیب اپنی فنون لطیفہ، ثقافت اور آرٹ کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور رہی ہے۔ اسی مضبوط تاریخی پس منظر کو سامنے رکھتے ہوئے ہم نے اس علاقے میں یہ سینٹر قائم کیا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ گندھارا سینٹر میں موسیقی، تھیٹر اور فلم کے علاوہ مختلف ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو مثبت اور تخلیقی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’ہم نے سوات حجرہ کے نام سے ہفتہ وار سرگرمی بھی شروع کی ہے، جس کے ذریعے سوات کی روایتی حجرہ ثقافت کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس میں سوات کے بزرگ آ کر علاقے کی ثقافت، روایات اور تاریخ پر گفتگو کرتے ہیں، جبکہ لوکل موسیقی، شاعری اور اتن جیسی سرگرمیاں بھی منعقد کی جاتی ہیں۔‘

مرکز میں خواتین کے لیے خصوصی مواقع بھی پیدا کیے گئے ہیں۔ انیلا خان سعید، خواتین کوآرڈینیٹر گندھارا سینٹر آف آرٹس اینڈ کلچر نے انڈیپنڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ ’سوات اپنی ثقافت، روایات، آرٹس، کرافٹس اور روایتی کشیدہ کاری کی وجہ سے ایک منفرد شناخت رکھتا ہے۔ اسی بنیاد پر یہ سینٹر قائم کیا گیا ہے تاکہ خواتین کے ثقافتی اور تخلیقی کام کو فروغ دیا جا سکے۔‘

انہوں نے بتایا کہ سینٹر میں خواتین کے لیے ہفتہ وار کلاسز منعقد کی جاتی ہیں، جن میں آرٹ اینڈ کرافٹ، مصوری اور روایتی ہنر سکھائے جاتے ہیں۔

گندھارا سینٹر آف آرٹس اینڈ کلچر نہ صرف سوات میں تخلیقی صنعتوں کے فروغ میں کردار ادا کرے گا بلکہ نوجوانوں اور خواتین کو روزگار، اظہار اور شناخت کے نئے مواقع بھی فراہم کرے گا۔ مقامی سطح پر اس اقدام کو آرٹ، موسیقی اور ثقافت کی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت اور سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی آرٹ