جاپان میں چاقو سے حملہ، ایک بچے سمیت تین ہلاک

جاپان میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک مشتبہ شخص نے بس سٹاپ پر کھڑے مسافروں پر چاقو سے حملہ کیا۔

حملے کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے (اے پی)

جاپان میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک مشتبہ شخص کی جانب سے مسافروں پر چاقو سے حملے میں ایک بچے سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق ٹوکیو کے قریب کاواساکی میں بس سٹاپ پر ایک مشتبہ شخص نے چاقو سے حملہ کیا ہے جس میں سکول کے آٹھ بچوں سمیت 19 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

جاپان کے سرکاری نشریاتی ادارے این ایچ کے کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کے ہلاک ہونے والوں میں بھی ایک بچہ اور دو نوجوان شامل ہیں۔

تاحال دیگر زخمی ہونے والے افراد کے بارے میں یہ واضح نہیں کہ انہیں کس نوعیت کے زخم آئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا لیکن اس سے قبل وہ خود کو بھی بری طرح زخمی کر چکا تھا۔

این ایچ کے کے مطابق اس شخص کی عمر 40 سے 50 سال کے درمیان ہے اور اطلاعات کے مطابق اس نے بس سٹاپ پر کھڑے لوگوں پر اچانک چاقووں سے وار کرنے شروع کر دیے۔ قریبی پارک میں چند زخمیوں سمیت دو چاقواں بھی ملی ہیں۔

ماضی میں بھی ایسے چند واقعات ہوئے ہیں لیکن پھر بھی جاپان میں اس طرح کے پرتشدد واقعات انتہائی غیر معمولی ہیں۔ 

اس سے قبل 2010 میں ٹوکیو میں ایک سکول بس اور مسافروں پر ایسے ہی چاقووں سے حملے میں درجن سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے۔

 

 

 

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا