’ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے لیے قانونی طریقہ اختیار کیا جائے گا‘

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے لیے ’قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا اور اتھارٹی وزیر اعظم ہیں۔‘

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے لیے قانونی طریقہ اختیار کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے یہ بات اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد پریس بریفنگ کے دوران کہی۔

بریفنگ کے دوران انہوں نے نئی ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی کی تقرری کے حوالے سے بتایا کہ ’اس کے لیے جو قانونی طریقہ ہے اسے اختیار کیا جائے گا۔‘

اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے لیے ’قانونی راستہ اختیار کرنے پر دونوں (وزیراعظم،  آرمی چیف) کا اتفاق رائے ہے اور اتھارٹی وزیر اعظم ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فواد چوہدری نے بتایا کہ گذشتہ شب وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان طویل نشست ہوئی ہے۔

فواد چوہدری نے صحافیوں کو بتایا کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان بہت ہی قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں۔ انہوں اس کی مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سول اور ملٹری قیادت کے درمیان آئیڈیل تعلقات ہیں۔

’میں سوشل میڈیا پر دیکھتا ہوں بہت سے لوگوں کی خواہشات ہیں، ان کو یہ بتا دوں کہ کبھی پرائم منسٹر آفس کچھ ایسا ہرگز قدم نہیں اٹھائے گا جس سے پاکستان کی فوج یا پاکستان کہ جو سپہ سالار ہیں ان کی عزت میں کمی ہو، اور میں یہاں یہ بھی بتا دوں کہ پاکستان فوج اور پاکستان کے سپہ سالار کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے پاکستان کے وزیراعظم یا پاکستان کے سول سیٹ اپ کی عزت میں کمی ہو۔‘

خیال رہے کہ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے گذشتہ ہفتے ایک بیان میں پاکستان فوج میں اہم تبدیلیوں اور تقرریوں کا اعلان کیا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو 25 واں ڈی جی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) تعینات کیا گیا ہے جبکہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کیا گیا ہے۔

پاکستان کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے نئے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم اس سے قبل کور کمانڈر کراچی تعینات تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان