بیٹی کو بچانے کے لیے باپ کی شارک سے لڑائی

امریکی ریاست شمالی کیرولینا سے تعلق رکھنے والی پیج ونٹر اس وقت شارک کے حملے کا نشانہ بن گئیں جب وہ ایٹلانٹک بیچ پر تیراکی کر رہی تھیں۔

(اے ایف پی)

امریکی ریاست شمالی کیرولینا سے تعلق رکھنے والی پیج ونٹر اس وقت شارک کے حملے کا نشانہ بن گئیں جب وہ ایٹلانٹک بیچ پر تیراکی کر رہی تھیں۔

ان کے والد نے موقعے پر پہنچ کر شارک کے چہرے پر پے در پے مکے مارے تاکہ ان کی بیٹی کو اس کے حملے سے محفوظ رکھا جا سکے۔ پیج کے والد چارلی ایک سابقہ میرین، فائر فائیٹر اور طبی امدادی کارکن ہیں۔ جس وقت انہوں اپنی بیٹی پر حلمہ ہوتے دیکھا وہ آدھے پانی میں تھے اور جلدی سے اس کی پاس پہنچ گئے۔

متاثرہ لڑکی پیج کی دادی جینٹ ونٹر کی فیس بک پوسٹ کے مطابق چارلی نے شارک کے چہرے پر لگاتار پانچ مکے برسائے جس کے بعد شارک نے پیج کو چھوڑ دیا۔

17 سالہ پیج ونٹر اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں اس حملے میں شدید زخمی ہونے والی ان کی ٹانگ، نچلے دھڑ اور ہاتھ کا علاج کیا جا رہا ہے۔

جینٹ ونٹر کے مطابق پیج ونٹر کی ایک ٹانگ سرجری کے بعد ان کے جسم سے الگ کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ شاید ان کے ہاتھ کو بھی ٹرانسپلانٹ کے مرحلے سے گزرنا پڑے۔

ہسپتال سے اپنے پیغام میں متاثرہ لڑکی کے خاندان نے کہا کہ وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی صحت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس بدقسمت واقعے کے باوجود پیج سمندری حیات کی حفاظت پر یقین رکھتی ہیں۔ وہ چاہتی ہیں کہ لوگ شارکس اور ان کے ماحول کا احترام کرتے ہوئے اس میں دخل اندازی سے گریز کریں۔

پیج ونٹر کی جانب سے بھی پیر کو ایک بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا: ’میں اس واقعے میں شدید زخمی ہوئی ہوں۔ میری ایک ٹانگ الگ کی جا چکی ہے جبکہ میرا ہاتھ بھی بری طرح متاثر ہوا ہے لیکن میں ٹھیک ہو جاؤں گی۔ مجھے ابھی مکمل صحت یاب ہونے کے لیے کافی وقت درکار ہے اور کچھ سرجریز باقی ہیں لیکن میں اس کو مثبت انداز میں دیکھتی ہوں کیونکہ یہ اس سے بھی زیادہ برا ہو سکتا تھا۔‘

عزیز و اقارب کی جانب سے ان کے ’گو فنڈ می‘ پیج بھی شروع کیا گیا ہے جس میں رکھے گئے ہدف 25 ہزار ڈالر میں سے 23 ہزار پانچ سو ڈالر جمع ہو چکے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا