ارکان پارلیمان نے 2019 میں کتنا کمایا اور کتنا ٹیکس ادا کیا؟

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ارکان پارلیمان کی ٹیکس ڈائکریٹری 2019 جاری کر دی ہے جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے نجیب ہارون نے سب سے زیادہ جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صرف دو ہزار روپے ٹیکس جمع کروایا ہے۔

ٹیکس ڈائریکٹری میں بتایا گیا ہے کہ کس رکن پارلیمان کی 2019 میں آمدن کتنی تھی اور انہوں نے کتنا ٹیکس ادا کیا (تصاویر: اے ایف پی)

پاکستان میں ٹیکس جمع کرنے والے ادارے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ارکان پارلیمان کی ٹیکس ڈائکریٹری 2019 جاری کر دی ہے۔

اس ٹیکس ڈائریکٹری میں بتایا گیا ہے کہ کس رکن پارلیمان کی 2019 میں آمدن کتنی تھی اور انہوں نے کتنا ٹیکس ادا کیا۔

آمدن کے حوالے سے ایف بی آر کی ڈائریکٹری میں واضح کیا گیا ہے کہ کس رکن پارلیمان کو کن کن ذرائع سے آمدن ہوئی ہے۔ جن میں کاروبار، تنخواہ، کرائے، منافع، برآمدات اور زرعی آمدن وغیرہ شامل ہیں۔

ٹیکس ڈائریکٹری 2019 کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی آمدن چار کروڑ 35 لاکھ روپے سے زائد رہی جبکہ انہوں نے کل 98 لاکھ 54 ہزار 959 روپے ٹیکس ادا کیا۔

اسی طرح پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی آمدن پانچ کروڑ 63 لاکھ روپے سے زائد تھی اور انہوں نے 82 لاکھ 42 ہزار روپے ٹیکس جمع کرایا۔

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شیرک چیئرمین آصف علی زرداری 28 کروڑ 26 لاکھ روپے سے زائد کی آمدن پر 22 لاکھ 18 ہزار روپے کا ٹیکس ادا کیا، جبکہ بلاول بھٹو نے تین کروڑ 81 لاکھ روپے پر پانچ لاکھ 35 ہزار روپے ٹیکس جمع کروایا ہے۔

ٹیکس ڈائکریٹری 2019 کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی آمدن تقریباً 34 لاکھ روپے رہی جبکہ انہوں ایک لاکھ 36 ہزار روپے ٹیکس دیا۔

اسی طرح وفاقی وزیر اسد عمر کی سال 2019 کی آمدن تین کروڑ روپے سے زائد رہی اور انہوں نے 42 لاکھ 72 ہزار روپے کا جمع کروایا ہے۔

تاہم ٹیکس ڈائریکٹری کے مطابق قومی اسمبلی میں سب سے زیادہ ٹیکس پاکستان تحریک انصاف کے رکن نجیب ہارون نے ادا کیا جن کی آمدنی ایک ارب سے زائد رہی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نجیب ہارون نے 2019 ٹیکس ڈائریکٹری کے مطابق 14 کروڑ سات لاکھ 49 ہزار روپے سے زائد ٹیکس ادا کیا ہے۔

سال 2019 میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سالانہ آمدنی 83 لاکھ روپے تھی اور انہوں نے 2019 میں آٹھ لاکھ 51 ہزار روپے ٹیکس جمع کرایا ہے۔

ایک نظر صوبائی وزرائے اعلیث کی آمدن اور جمع کرائے گئے ٹیکس پر ڈالی جائے تو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صرف دو ہزار روپے ٹیکس ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق ان کی کل آمدن نو لاکھ 38 ہزار روپے سے زائد رہی ہے۔

اسی طرح وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے 25 لاکھ آٹھ ہزار روپے سے زائد آمدن پر 66 ہزار روپے سے زائد کا ٹیکس ادا کیا جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علیٰ شاہ نے کل ایک کروڑ 17 لاکھ 30 ہزار سے زائد کی آمدن پر 19 لاکھ 21 ہزار روپے سے زائد کا ٹیکس جمع کروایا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے 10 لاکھ سے زائد کا ٹیکس ادا کیا ہے جبکہ ان کی آمدنی اس دوران 78 لاکھ 58 ہزار سے زائد رہی۔

وزرائے اعلیٰ کی تفصیلات کے مطابق سب سے کم ٹیکس وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ادا کیا ہے۔

تاہم فہرست میں بعض ارکان پارلیمان ایسے بھی ہیں جن کی نہ تو آمدن ہوئی نہ ہی ٹیکس ادا کیا جبکہ چند ارکان ایسے بھی ہیں جنہوں نے صرف ایک ہزار روپے ہی ٹیکس ادا کیا۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان