محمد رضوان کا ’تجربہ‘ ناکام، قلندرز کی لاہور میں فتح

ملتان سلطانز کی جیت کا سلسلہ آخرکار رک ہی گیا، جہاں لاہور قلندرز نے سلطانز کو لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں 52 رنز سے شکست دے دی ہے۔

سٹار افغان لیگ سپنر راشد خان لاہور قلندرز کے لیے ایک ہی اوور میں دو وکٹیں لینے کے بعد جشن مناتے ہوئے (اے ایف پی)

پاکستان سپر لیگ کے ساتویں سیزن میں ملتان سلطانز کی جیت کا سلسلہ آخرکار رک ہی گیا، جہاں لاہور قلندرز نے سلطانز کو لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں 52 رنز سے شکست دے دی ہے۔

لاہور قلندرز کے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز 130 رنز ہی بنا سکے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے اب تک اس ٹورنامنٹ میں سکور کرنے والے بلے باز محمد رضوان، شان مسعود اور ٹم ڈیوڈ آج لاہور قلندرز کے خلاف بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکے جس کی وجہ سے سلطانز کی جیت کا سلسلہ بھی ٹوٹ ہی گیا۔

محمد رضوان، 20، شان مسعود آٹھ اور ٹم ڈیوڈ 24 رنز ہی بنا سکے۔

لاہور قلندرز کے لیے سٹار بولر راشد خان نے عمدہ بولنگ کی اور ایک ہی اوور میں سلطانز کی دو بڑی وکٹیں گرا کر ان کے رن بنانے کی رفتار کو روک دیا۔ راشد خان نے محمد رضوان اور اگلی ہی گیند پر رایلی روسو کو آؤٹ کیا۔

راشد خان کے علاوہ قلندرز کے لیے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے دو، دو جبکہ زمان خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کے 17ویں میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو لاہور قلندرز نے انہیں جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا۔

ٹاس کے موقع پر ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتنے یا ہارنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا بلکہ فرق صرف کارکردگی سے پرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کر کے ’تجربہ‘ کرنا چاہتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

لاہور قلندرز کی جانب سے ایک بار پھر فخر زمان نے عمدہ کھیل پیش کیا اور 37 گیندوں پر دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی اننگز کھیلی۔

ان کے علاوہ کامران گوہر نے 42 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کے بلے بازوں کو اننگز کے آخری اوورز میں بڑی شاٹس لگانے میں مشکل ہو رہی تھی تاہم بعد میں محمد حفیظ اور فل سالٹ نے ٹیم کو سہارا دیا اور سکور کو 182 تک پہنچا دیا۔

محمد حفیظ نے 29 گیندوں پر 43 رنز کی اننگز کھیلی جس میں تین چھکے اور ایک چوکا شامل تھا جبکہ فل سالٹ نے 13 گیندوں پر 26 رنز سکور کیے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے انور علی، شاہنواز دہانی، عباس آفریدی اور عمران طاہر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ