پی ایس ایل 7: کراچی کنگز کو لگاتار پانچویں شکست

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں پہلے مرحلے کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 178 رنز کا ہدف دیا۔

کراچی کنگز  کے ایان کاک بین اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوتے ہوئے (تصویر: اے ایف پی)

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) ساتویں ایڈیشن، پہلے مرحلے کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے  کراچی کنگز کو جیت کے لیے 178 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں کراچی کنگز 135 رنز بنا سکی۔ 

کراچی کنگز کے لیے یہ لگاتار پانچویں شکست تھی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

اسلام آباد نے مقررہ 20 اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے، پال سٹرلنگ 39 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کے آغاز میں اوپنر ایلیکس ہیلز اور پال سٹرلنگ کے درمیان 66 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔تاہم ہیلز 21 گیندوں پر 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اسلام آباد کو دوسرا نقصان پال اسٹرلنگ کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

دو  وکٹیں گرنے کے بعد کپتان شاداب خان اور کولن منرو کے درمیان 55 رنز کی شراکت رہی جس نے ٹیم کا سکور 130 رنز تک پہنچایا تاہم شاداب 19 گیندوں پر 34 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

 منرو 33 اور آصف علی 10 رنز بنا سکے جبکہ اعظم خان اور فہیم اشرف ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کی جانب سے کرس جارڈن نے دو جب کہ عماد وسیم، عثمان شنواری ، عمید آصف اور محمد نبی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پی ایس ایل کے موجودہ سیزن میں کراچی کنگز نے اچھے بھلی کپتانی کرنے والے عماد وسیم کو ہٹاکر بابر اعظم کوکپتان مقرر کیا جو ان کو راس نہیں آ رہا، پانچویں مسلسل شکست نے کراچی کنگز کے مداحوں کو مایوس کردیا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹد کے کپتان شاداب خان نے ذہین کپتانی اور اپنی بے مثال کارکردگی کا ایک اور شاندار مظاہرہ اتوار کے میچ میں کیا جب انھوں نے روایت سے بغاوت کرتے ہوئے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے خوش قسمت ثابت ہوا۔  

اسلام آباد کے بلے بازوں کو  شروع میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ وکٹ میں پیس کم تھا اور گیند رک کر آرہی تھی جس کی وجہ سے سکور کی رفتار اسلام آباد کی روایت کے مطابق نہیں تھی۔ 

پال سٹرلنگ اور ایلکس ہیلز نے پاور پلے میں 53 رنز تو جوڑ لیے لیکن اس کے بعد کولن منرو جیسا ہار ہٹر بھی 33 گیندوں میں 33 رنز بناسکا شاداب خان اور اعظم خان کی چند اچھی ہٹنگ کے باعث اسلام آباد 177 رنز بنانے میں کامیاب ہوگیا۔

کراچی کی فیلڈنگ آج بہت اچھی رہی بابر اعظم نے تین زبردست کیچ لیے۔ کراچی کنگز کا آغاز اچھا نہیں رہا پہلے تو شرجیل خان رنز آؤٹ ہوگئے اور پھر کراچی کا اکیلے بوجھ اٹھانے والے بابر اعظم وسیم جونئیر کی  گیند پر بولڈ ہوگئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کراچی کی مشکلات کو مزید صاحبزادہ فرحان کے خودکش رن آؤٹ نے بڑھایا  کوکبین بھی حسن علی کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔ 

کراچی کی چھ وکٹ صرف 66 رنز پر گر گئیں کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔

کراچی کی طرف سے کچھ مزاحمت محمد نبی نے کی، ان کے کچھ اچھے شاٹ نے شکست کے فرق کو کم بھی کیا اور ہدف تک پہنچنےکی کوشش بھی لیکن جیت کا تاج نہ پہناسکے انہوں نے میچ کی سب سے بڑی 47 رنز کی اننگز کھیلی۔

اسلام آباد نے میچ 42 رنز سے جیت لیا۔

اسلام آباد کی طرف سے شاداب خان نے ایک بار پھر زبردست بولنگ کی اور چار وکٹ لے کر کراچی کی بنیادوں کو منہدم کردیا۔ شاداب خان کی کپتانی کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے ۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل