سندھ کے ضلع نوشہروفیروز کے لاکھاروڈ ریلوے سٹیشن کے قریب اتوار کو پیش آنے والے ٹرین حادثے میں ایک شخص جان سے گیا جبکہ ریلوے ٹریک کئی گھنٹوں تک بند رہنے کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر رہی۔
ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) ریلوے سکھر جمشید عالم کے مطابق حادثے میں جان سے جانے والے شخص کی شناخت سکھر کے رہائشی ندیم شاہ کے نام سے ہوئی ہے، جو مال بردار ٹرین کی آخری بوگی میں موجود تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ریلوے ٹریک عارضی طور پر بند کیے گئے تھے، جنہیں بحال کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب شالیمار ایکسپریس نے لوپ لائن پر کھڑی مال بردار ٹرین کو عقب سے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں سامان سے بھری دو بوگیاں الٹ کر ٹرین پر جا گریں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
حادثے کے بعد اپ اور ڈاؤن دونوں ٹریک مکمل طور پر بند ہو گئے تھے جس سے ریلوے ٹریفک متاثر ہوئی۔
تاہم بعد ازاں ریلوے انتظامیہ کے مطابق شالیمار ٹرین کو متبادل ٹریک کے ذریعے روانہ کر دیا گیا اور لاکھاروڈ سٹیشن پر موجود تمام مسافروں کو ٹرین میں بٹھا کر آگے بھیج دیا گیا۔
واقعے کے بعد ڈی ایس ریلوے سکھر جمشید عالم اور ایس ایس پی نوشہروفیروز میر روحل کھوسو موقع پر پہنچے اور ضلعی و ریلوے انتظامیہ کے ہمراہ حادثے کی جگہ کا معائنہ کیا۔
ریلوے پولیس کے مطابق جان سے جانے والے شخص کی لاش ملبے سے نکال کر ایدھی ایمبولینس کے ذریعے محراب پور ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے، جبکہ متاثرہ ٹریک کو کلیئر کرنے کے لیے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔