بزدار کا استعفیٰ: ’معلوم نہیں میں کیوں ٹرینڈ کر رہا ہوں‘

سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے استعفے کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر جہاں صارفین مختلف تبصرے اور میمز شیئر کر رہے ہیں، وہیں سلیبرٹیز نے بھی اس میں حصہ ڈالا ہے۔

عثمان بزدار کے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے سے استعفے کے معاملے پر ٹوئٹر ٹرینڈ میں سابق کرکٹر وسیم اکرم نے بھی اپنا حصہ ڈالا (فائل فوٹوز: اے ایف پی)

سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے استعفے کی خبر سامنے آتے ہی وہ سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہے ہیں اور ان کی سادگی اور معصومیت کے حوالے سے میمز وائرل ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کئی سیاسی رہنماؤں کی مخالفت کے باوجود عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے پر برقرار رکھنے پر مصر رہے تھے، حتیٰ کہ وزیراعظم نے انہیں ’وسیم اکرم پلس‘ بھی قرار دیا۔

عثمان بزدار کی کارکردگی کو سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی ورلڈ کپ 1992 کی کارکردگی سے تشبیہہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے ایک بار کہا تھا کہ عثمان بزدار ان کی ٹیم (کابینہ) کے وسیم اکرم پلس ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مگر گذشتہ شب انہوں نے عثمان بزدار سے استعفیٰ لے کر تخت لاہور کی وزارت اعلیٰ کے لیے حکومتی اتحادی مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کو نامزد کر دیا تو سوشل میڈیا صارفین نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب یعنی ’وسیم اکرم پلس‘ کو ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بنا دیا۔

ٹوئٹر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جانے لگے جن میں وزیر اعظم عمران خان کے کہنے پر وزارت اعلیٰ کا منصب چھوڑنے پر ستائش بھی شامل تھی۔

صورت حال اس وقت دلچسپ ہوئی جب سابق کرکٹر وسیم اکرم نے بھی اس ٹرینڈ میں حصہ ڈالا اور ٹویٹ کی۔

’مجھے نہیں معلوم کہ میں کیوں ٹرینڈ کر رہا ہوں، بہر حال میں بھی اس میں اپنا حصہ ڈال دیتا ہوں #WasimAkram۔‘

وسیم اکرم کی اس ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے معروف میزبان اور گلوکار فخر عالم نے عثمان بزدار کا نام لیے بغیر کہا: ’کیونکہ آپ کا پلس ورژن مائنس ہو گیا ہے۔‘

جواباً ایک ٹوئٹر صارف نے پرویز الٰہی کی تصویر شیئر کی اور انہیں ’سلیم ملک الٹرا پرو میکس‘ قرار دیتے ہوئے لکھا: ’آپ کی جگہ انہوں نے لے لی ہے۔‘

بہت سے صارفین عثمان بزدار کی تعریف کرتے ہوئے ان کی کمی بھی محسوس کر رہے ہیں۔

میاں عبدالماجد نامی صارف نے عثمان بزدار کی ایک تصویر شیئر کی جس پر تحریر تھا: ’موجودہ حکومت کا اکلوتا رہنما جس کا نہ تو کوئی سکینڈل ہے اور نہ ہی کوئی نفرت کرنے والا۔ کوئی منفی بات بھی نہیں، صرف مثبت انرجی۔‘

ساتھ ہی انہوں نے لکھا: ’الوداع عثمان بزدار۔ ہم آپ کی کمی محسوس کریں گے۔‘

ٹوئٹر صارف ڈاکٹر سردار علی شہباز نے عثمان بزدار کی ’معصومیت‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کی ایک تصویر لگائی جس پر لکھا تھا: ’حکومت جاتی ہے تو جائے، مگر کسی چور ڈاکو کو او آر ایس نہیں دوں گا۔‘

ساتھ ہی انہوں نے لکھا:’اصولوں پر ڈٹ جانے والا آدمی۔‘

ٹوئٹر صارف قاسم علی نے ٹویٹ کی جس میں عثمان بزدار کی تصویر کے ساتھ لکھا تھا: ’خان صاحب، سرپرائز تو قوم کو دینا تھا مجھے کیوں دے دیا؟

یہاں وہ اسلام آباد میں 27 مارچ کے جلسے سے قبل کیے گئے وزیراعظم کے اعلان کا ذکر کر رہے تھے، جس میں انہوں نے کوئی ’سرپرائز‘ دینے کی بات کی تھی۔

تیمور نامی صارف نے شاعرانہ کلام پڑھے ہوئے عثمان بزدار کی ویڈیو شیئر کی اور ساتھ میں تحریر کیا: ’وسیم اکرم پلس، ہم آپ کی کمی محسوس کریں گے۔‘

شاعری کے بول تھے ’جیہڑے دیوانہ ساکوں سڈیندن، اوہی پیمبر ساکوں منیسن
جڈاں شرافت دی رسم چلسی، جڈاں محبت رواج بنڑ سی‘

ویڈیو کے آخر میں انہوں نے کہا کہ ’اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو، پاکستان زندہ باد۔‘


نوٹ: بعض تکنیکی مسائل کی وجہ سے ہماری ویب سائٹ پر کچھ لفظ درست طریقے سے دکھائی نہیں دے رہے۔ ہم اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔  

ادارہ اس کے لیے آپ سے معذرت خواہ ہے۔ 

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ