دعا کاظمیٰ کے لاہور میں نکاح کی خبر غیر مصدقہ ہے: خاندان

دعا کاظمی کے خاندان کا موقف ہے کہ جب تک آئی جی سندھ انہیں تصدیق نہیں کریں گے وہ تسلیم نہیں کریں گے کہ یہ ان کی دعا ہی ہے اور انہوں نے لاہور میں نکاح کرلیا ہے۔

کراچی سے لاپتہ ہونے والی 14 سالہ بچی دعا کے والد مہدی علی کاظمی (فوٹو: انڈپینڈنٹ اردو)

کراچی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر سے لاپتہ ہونے والی دعا زہرہ لاہور سے مل گئی ہیں اور انہوں نے اپنی مرضی سے نکاح بھی کر لیا ہے، تاہم ان کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ ابھی اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

دعا زہرہ کاظمی 16 اپریل کو کراچی کے علاقے گولڈن ٹاؤن سے اپنے گھر کے نیچے سے غائب ہوئی تھیں جب وہ دوپہر کے وقت اپنے گھر سے باہر کچرہ پھینکنے گئی تھیں۔ 10 دن بعد پولیس نے دعا کا سراغ لگا لیا ہے۔

اس کیس کے تفتیشی افسر زبیر شیخ نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا، ’دعا زہرہ لاہور میں موجود ہیں۔ دعا زہرہ کا نکاح نامہ جعلی نہیں ہے، البتہ ہم اس کی مزید تصدیق کر رہے ہیں۔ تصدیق ہونے پر اس معاملے کی تمام تفصیلات شیئر کریں گے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’لاہور پولیس نے دعا کا سراغ لگا لیا ہے مگر ابھی تک انہیں تحویل میں نہیں لیا گیا ہے۔‘

لاہور پولیس کی جناب سے موصول ہونے والی 17 اپریل 2022 کی تاریخ کے نکاح نامے کی کاپی کے مطابق دعا کا نکاح ظہیر احمد نامی شخص سے ہوا ہے۔ نکاح نامے میں دعا کی عمر 18 سال، تاریخ پیدائش 17 دسمبر 2001 لکھی ہوئی ہے اور والد کا نام مہدی علی کاظمی ہی ہے۔

جب کہ دعا کے والد مہدی علی کاظمی کے مطابق دعا کی عمر 14 سال اور تاریخ پیدائش 27 اپریل 2008 ہے۔

نکاح نامے کے مطابق دعا اور ان کے شوہر ظہیر کی جانب سے کوئی وکیل موجود نہیں تھا اور دونوں نے خودمختاری سے اپنا نکاح کیا۔

اس حوالے سے دعا کے ماموں حیدر علی کا کہنا ہے، ’ہمیں میڈیا سے معلوم ہوا ہے کہ دعا مل گئی ہے جب کہ ہماری آئی جی صاحب مشتاق احمد مہر سے بات ہوئی تو ان کا کہنا ہے کہ ہمیں ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی کہ یہ دعا ہی ہے یا نہیں۔‘

’آئی جی صاحب نے ہمیں بتایا ہے کہ ہم ایک ٹیم تیار کر رہے ہیں لاہور بھجوانے کے لیے۔ کچھ دن پہلے کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد سے ایک اور بچی اغوا ہوئی تھی جس کی کنیت بھی کاظمی ہی ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ جہاں تک نکاح نامے کی بات ہے اس پر کہیں مہر نہیں لگی ہوئی ہے تو ہوسکتا ہے کہ یہ جعلی نکاح نامہ ہے۔ ’اگر پولیس نے ابھی تک ہمیں تصدیق نہیں کی کہ دعا مل گئی ہے تو ہم کیسے کہہ سکتے ہیں۔‘

’جب تک آئی جی سندھ ہمیں تصدیق نہیں کریں گے ہم تسلیم نہیں کریں گے کہ یہ ہماری دعا ہی ہے اور اس نے لاہور میں نکاح کر لیا ہے۔‘

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے بھی کچھ دیر قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعا کاظمی کے لاہور سے ملنے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ کراچی پولیس لاپتہ ہونے والی تینوں بچیوں کے کیسز دیکھ رہی ہے۔

خیال رہے کہ کراچی میں 10 روز کے دوران تین لڑکیاں مبینہ طور پر لاپتہ پوئیں۔ دعا کاظمی 16 اپریل کو گولڈن ٹاؤن سے، 20 اپریل کو نمرہ کاظمی ملیر سعودہ آباد سے اور 22 اپریل کو دینار نامی لڑکی سولجر بازار سے لاپتہ ہوئی۔

تینوں لڑکیوں کی گمشدگی کی درخواست پولیس کے پاس درج ہے۔ البتہ پولیس ابھی تک صرف ایک لڑکی کا سراغ لگا پائی ہے جس کی مکمل طور پر تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

اس سے قبل دعا کے والد سید مہدی علی کاظمی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ 16 اپریل کی دوپہر دعا گھر سے کچرے کی دو تھیلیاں لے کر باہر گئیں تاکہ گھر کے بالکل سامنے انہیں ایک چبوترے پر رکھ دیں۔ 

تاہم دعا جب تیسری تھیلی لینے گھر کی طرف بڑھی تو گھر کے دروازے کے پاس آنے سے پہلے ہی وہ غائب ہوگئی۔

کراچی سے ہی لاپتہ نمرہ کا سراغ مل گیا

ڈیرہ غازی خان پولیس کراچی سے لاپتہ ہونے والی دوسری لڑکی نمرہ کاظمی تک پہنچ گئی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈی جی خان علی وسیم کے مطابق نمرہ کاظمی کے حوالے سے کراچی پولیس کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ نمرہ کا ایک ویڈیو بیان بھی ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ عدالت میں بھی نمرہ کا بیان حاصل کر لیا گیا ہے۔ اس بیان کے مطابق نمرہ نے اپنی مرضی سے نجیب شاہ رخ نامی شخص سے نکاح کیا۔

نمرہ نے 25 اپریل کو ایڈیشنل سیشن جج کے سامنے جو بیان دیا اس کے مطابق ان کے والد ان کی شادی کسی بوڑھے شخص سے کرنا چاہتے تھے اور وہ اس آدمی کے ساتھ ان کی رخصتی کرنے کے درپے تھے۔

انہوں نے بیان میں لکھا کہ ان کی منگنی بچپن سے شاہ رخ سے ہو چکی تھی مگر کسی اختلاف کی وجہ سے وہاں شادی تاخیر کا شکار ہو رہی تھی اور جب انہیں معلوم ہوا کہ ان کا نکاح کسی اور سے ہونے والا ہے تو انہوں نے شاہ رخ سے رابطہ کیا اور انہیں تمام حالات سے آگاہ کیا اور اپنی مرضی سے والدین کا گھر چھوڑ کرنجیب شاہ رخ سے نکاح کر لیا اور یہ کہ وہ اس نکاح سے خوش ہیں۔

انہوں نے عدالت سے یہ بھی دررخواست کی وہ ان کے گھر والوں سے کہیں کہ وہ ان کی شادی شدہ زندگی میں مداخلت نہ کریں نہ انہیں ہراساں کریں۔

 اپنے ویڈیو بیان میں بھی نمرہ نے بتایا کہ وہ کراچی کی رہنے والی ہیں اور 17 اپریل کو ڈیرہ غازی خان آئیں، جہاں 18 اپریل کو ان کا نکاح ہوا اور یہ نکاح انہوں نے اپنی مرضی سے کیا۔

نمرہ نے ویڈیو بیان میں یہ بھی کہا کہ میڈیا پر چلنے والی ان کی ویڈیوز کو ہٹایا جائے۔ وہ اپنی اس شادی سے خوش ہیں۔  

پولیس حکام کو نمرہ کا جونکاح نامہ ملا ہے اس میں نمرہ کی عمر 18 برس اور دلہا کا نام محمد نجیب شاہ رخ لکھا ہے۔ نکاح نامے کے مطابق شاہ رخ تونسہ کے رہائشی ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان