ملک بھر میں خواتین کرکٹرز کے ٹرائلز مئی میں

یہ ٹرائلز تین مختلف کٹیگریز میں لیے جائیں گے، جس میں انڈر 19، ایمرجنگ اور سینیئر خواتین کھلاڑیوں کی کٹیگریز شامل ہیں۔

پاکستان میں خواتین کی کرکٹ میں زیادہ شوق دیکھا جا رہا ہے۔ کرکٹ کی مداح خواتین 2005 میں انڈیا کے ساتھ میچ سے لطف اندوز ہو رہی ہیں (اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے خواتین کھلاڑیوں کے پول کو وسعت دینے کے لیے تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کے اشتراک سے مئی میں ملک بھر میں خواتین کرکٹرز کے ٹرائلز لینے کا اعلان کیا ہے۔

ملک بھر میں منعقدہ ان ٹرائلز کی نگرانی سابق ٹیسٹ اور فرسٹ کلاس کرکٹرز کریں گے۔

لاہور میں پی سی بی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ٹرائلز تین مختلف کٹیگریز میں لیے جائیں گے، جس میں انڈر 19، ایمرجنگ اور سینیئر خواتین کھلاڑیوں کی کٹیگریز شامل ہیں۔

انڈر 19 کٹیگری میں صرف وہ کھلاڑی شامل ہوں گی جو یکم ستمبر 2003 یا اس کے بعد پیدا ہوئیں۔ ایمرجنگ کٹیگری کے لیے عمر کی حد 19 سے 24 سال تک مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح 25 سے 28 سال تک کی خواتین کھلاڑی سینیئر کٹیگری میں ٹرائلز دینے کی اہل ہوں گی۔

زیادہ سے زیادہ نئی خواتین کھلاڑیوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ ریجنل اکیڈمیز کی خواتین کرکٹرز ان ٹرائلز میں شرکت کرنے کی اہل نہیں ہوں گی۔ پی سی بی پہلے ہی اعلان کرچکا ہے کہ ڈومیسٹک سیزن 23-2022 میں 100 خواتین کرکٹرز  شرکت کریں گی۔

ملک بھر میں منعقد یہ ٹرائلز فروری 2023 میں جنوبی افریقہ میں شیڈول آئی سی سی انڈر 19 ٹی ٹونٹی ویمنز ورلڈکپ کی بینچ سٹرینتھ کی مضبوطی کا بھی سبب بنیں گے۔

ٹرائلز کا شیڈول:

•      بلوچستان: 12 مئی

•      سینٹرل پنجاب: 6 تا 9 مئی

•      خیبر پختونخوا: 9 تا 11 مئی

•      ناردرن: 10 تا 17 مئی

•      سندھ: 18 تا 28 مئی

•      سدرن پنجاب: 10 تا 12 مئی

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گلگت بلتستان میں ٹرائلز کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ویمنز کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک کا کہنا ہے کہ خواتین کی کرکٹ کی ترقی اور فروغ کے لیے ضروری ہے کہ ملک بھر کی نو عمر لڑکیوں اور  خواتین تک اس کھیل کی رسائی کو یقینی بنایا جائے۔ ’اس اقدام سے انہیں باصلاحیت کرکٹرز کی تلاش میں مدد ملے گی، جن کی مکمل تیاری کے لیے انہیں ضروری سہولیات اور باقاعدہ تربیت فراہم کی جائے گی۔‘

انہوں نے کہا کہ وہ تمام چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی مشکور ہیں کہ  جنہوں نے بورڈ کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہوئے اپنی ایسوسی ایشن میں خواتین کرکٹ کی ترقی اور فروغ میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے کرکٹ کھیلنا شروع کی تھی تو اس وقت اس کھیل میں خواتین کے لیے مناسب مواقع میسر نہیں تھے تاہم پی سی بی کے اس اقدام سے اب یہ کھیل ہر خواہش مند خاتون کرکٹر کی رسائی میں ہوگا جو یقیناََ ملک میں خواتین کرکٹ کی ترقی کا سبب بنے گا۔

بسمہ معروف نے مزید کہا کہ نو عمر لڑکیاں اس کھیل میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں اور مناسب کوچنگ، تربیت اور سہولیات سے وہ ملک کے لیے شاندار خدمات سرانجام دے سکتی ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ