مشتاق کے زیر تربیت ’مسٹری سپنر‘ فیصل اکرم کون ہیں؟

اپنے پسندیدہ کرکٹر مشتاق احمد کی طرح چھوٹی سی عمر میں سپن باؤلنگ پر عبور حاصل کرنے والے فیصل اکرم بھی اسے اپنے شوق کی تکمیل میں اہم سنگ میل کی حیثیت دیتے ہیں۔

سپن باؤلنگ پر عبور حاصل کرنے والے فیصل اکرم (تصویر: پی سی بی)

لیفٹ آرم چائنہ مین 18 سالہ فیصل اکرم کا تعلق اولیا کی دھرتی ملتان سے ہے۔ نوجوان سپنر کی گھومتی گیندیں گذشتہ تین برسوں سے پاکستان کرکٹ میں حریف بیٹرز کے لیے مشکلات کا سبب بن رہی ہے مگر متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان نے اپنے اہل خانہ سے کرکٹ چھوڑ کر روزگار تلاش کرنے کے طعنے بھی سنے ہیں۔

ایسے میں پاکستان کرکٹ کے روشن ستاروں کی فلاح و بہبود کے لیے اعلان کردہ پی سی بی پاتھ ویز کرکٹ پروگرام ملتان کے اس گھر کی زندگی میں خوشیاں لایا۔

اپنے پسندیدہ کرکٹر مشتاق احمد کی طرح چھوٹی سی عمر میں سپن بولنگ پر عبور حاصل کرنے والے فیصل اکرم بھی اسےاپنے شوق کی تکمیل میں اہم سنگ میل کی حیثیت دیتے ہیں۔

ملتان انڈر 16 سے قومی کرکٹ ڈھانچے میں قدم رکھنے والے فیصل اکرم کو چائنہ مین سپنر ہونے کے باعث اپنے کیریئر کے آغاز سے ہی شہرت ملنا شروع ہوگئی تھی۔ حال ہی میں انہوں نے نیشنل انڈر 19 کپ 22-2021 کے چار میچز میں نو اور نیشنل انڈر 19 چیمپئن شپ 22-2021 کے پانچ میچز میں 26 وکٹیں حاصل کیں۔

نوجوان سپنر فیصل اکرم کا کہنا ہے کہ انہیں پی سی بی پاتھ ویز کرکٹ پروگرام کے تحت منتخب ہونے والے 100 کھلاڑیوں کی فہرست میں اپنا نام دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ اس موقع پر ان کے اہل خانہ کی خوشی بھی دیدنی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاتھ ویز کرکٹ پروگرام پی سی بی کا ایک بہترین اقدام ہے۔ یہ کرکٹر بننے کا خواب سجانے والے نوجوانوں کے اہل خانہ کی مالی معاونت کرے گا۔ جب کرکٹ شروع کی تو گھر والوں کا تعاون حاصل نہیں تھا مگر اب پاتھ ویز کرکٹ پروگرام کےاعلان کے بعد وہ ان کی بھرپور مدد کر رہے ہیں۔

فیصل اکرم نے کہا کہ انہوں نے نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ وہ پرامید ہیں کہ انہیں اپنے ملک کی نمائندگی اور طویل عرصے تک کرکٹ کھیلنے کا موقع ملے گا۔

لیجنڈری سپنر مشتاق احمد بھی فیصل اکرم کی صلاحیتوں سے بہت متاثر ہیں۔ انہوں نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں جاری کنڈیشنگ کیمپ میں فیصل اکرم کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔

مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ فیصل اکرم مسٹری سپنر ہیں اور وہ ان کے ساتھ متعدد تربیتی کیمپس میں کام کرچکے ہیں۔ ’یہ نوجوان بہت باصلاحیت اور محنتی کھلاڑی ہے، فی الحال ان کی ذہنی اور جسمانی مضبوطی پر کام کیا جا رہا ہے۔‘

  انہوں نے مزید کہا کہ بحیثیت کوچ فیصل اکرم نے انہیں بہت متاثر کیا ہے۔ وہ ایک مکمل میچ ونر بولر بننے کی تمام صلاحیتیں رکھتے ہیں۔

’فیصل اکرم اپنی بولنگ صلاحیتوں سے نیٹ سیشنز میں سینیئر بیٹرز کو بھی چکما دے دیتے ہیں۔ وہ ایک شائستہ مزاج نوجوان ہیں جو بھرپور محنت کر رہا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ