جرمن وزیر خارجہ کرونا کا شکار، مصروفیات منسوخ

جرمنی کی وزیر برائے خارجہ امور انالینا بیئربوک کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ تھا۔

جرمنی کی وزیر خارجہ انالینا بیئربوک پاکستان کے دورے کے دوران کرونا کا شکار ہو گئی ہیں (تصویر: پاکستانی وزارت خارجہ)

ترجمان جرمن وزارت خارجہ کے مطابق جرمن وزیرخارجہ کا دورہ اسلام آباد کے دوران کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد انہوں نے اپنی تمام تر مصروفیات منسوخ کر دیں اور ملک واپس لوٹ گئیں ہیں۔

ایک ترجمان کے مطابق جرمن وزیرخارجہ کا کووڈ ٹیسٹ پاکستان پہچنے کے کچھ دیر بعد مثبت آیا۔ اس سے قبل مہمان وزیرخارجہ نے صبح اسلام ٓآباد میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری سے تفصیلی ملاقات کی تھی۔

جرمنی کی وزیر برائے خارجہ امور انالینا بیئربوک کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ تھا۔ وہ پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر اسلام آباد کا دو روزہ دورہ کر رہی تھیں۔

اس سے قبل پاکستان اور جرمنی نے باہمی دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے منگل کو دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان دفترخارجہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور جرمنی کی وزیر خارجہ انالینا بیئربوک نے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک افغانستان میں امن و استحکام اور انسانی بحران کو روکنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جرمن وزیر خارجہ سے دوطرفہ تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے علاوہ دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ افغانستان کی صورت حال بھی بات چیت میں زیر غور آئی۔ انہوں نے کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی سے بھی جرمنی کی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ پرامن اور خوشحال افغانستان چاہتے ہیں۔

جرمنی کی وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ افغانستان کی صورت حال کے اثرات اس کی سرحدوں کے باہر بھی مرتب ہوں گے۔ انہوں نے پاکستان میں پرجوش خیرمقدم پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بڑی تعداد میں افغانستان کے پناہ گزینوں کو طویل عرصے سے پناہ دی ہوئی ہے اور اس نے جرمنی سمیت مختلف ملکوں کے شہریوں کے افغانستان سے حالیہ انخلا میں مدد کی ہے۔

جرمن وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ موجودہ صورت حال میں افغانستان کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ اس سے قبل پاکستان اور جرمنی کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جرمنی کی وزیر خارجہ دورے کے دوران وزیراعظم اور دیگر حکومتی عہدیداروں سے بھی ملاقات کرنی تھیں۔

پاکستان اور جرمنی کے درمیان دیرینہ، خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ پاکستان اور جرمنی نے گذشتہ سال سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل کر لیے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان