پشاور میں عالمی سطح کی سافٹ ویئر کمپنی کا افتتاح

ایفینٹی کے ایم ڈی عثمان اصغر خان نے بتایا کہ پشاور والے دفتر میں آئی ٹی کے شعبے سے تعلیم حاصل کرنے والے 150 طلبہ کو روزگار کے مواقع مہیا کیے جائیں گے۔

پشاور میں عالمی سطح کی ایک بہت بڑی سافٹ ویئر کمپنی ’ایفینٹی‘ کی ذیلی شاخ کا صوبائی حکومت کے تعاون سے دفتر کھل گیا ہے۔

پشاور انڈسٹریل ایریا میں قائم کیے جانے والے اس دفتر کا 13 ستمبر 2022 کوافتتاح ہوا تھا۔ اس افتتاح کو صوبے کے سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک بہت بڑا کارنامہ قرار دیا جارہا ہے کیوں کہ اس سے نوجوانوں کو آئی ٹی میں آگے جانے اور عالمی سطح پر کچھ کر دکھانے کا موقع ملے گا۔

افتتاح کے موقع پر صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ خیبرپختونخوا ہر شعبے میں ترقی کرتا جارہا ہے اور ایفینٹی کے دفتر کا کھلنا اس کا واضح ثبوت ہے۔

’صوبائی حکومت نے کمپنی کو سہولت دی ہے، جبکہ باقی سب کچھ نجی طور پر کمپنی نے خود کیا ہے۔‘

تیمور جھگڑا نے بتایا کہ اب ان کی حکومت کے لیے چیلنج یہ ہے کہ کارپوریٹ سیکٹر کے لیے چوں کہ ان کے پاس جگہ ہی نہیں ہے لہذا اب کوشش کی جائے گی کہ ایسی کمپنیوں کے لیے سہولیات فراہم کی جائیں۔

ایفینٹی کیا ہے، اس کا کیا فائدہ ہوگا؟

ایفینٹی ایک عالمی سطح کی امریکی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ایک کمپنی ہے جس نے روایتی کال سنٹرز کی صلاحیت کو چیلنج کرتے ہوئے 2005 ’مصنوعی انٹیلیجنس‘ کے ذریعے گاہکوں کی نفسیات پڑھتے ہوئے نہ صرف ان کی مطلوبہ ایجنٹس تک رسائی ممکن بنا دی بلکہ تیز رفتاری کے ساتھ کسٹمرز کو فوری خدمات پہنچانا بھی اس کی خصوصیات اور ترجیحات میں شامل تھا۔

اس مد میں کمپنی دنیا بھر میں قابل ترین نوجوانوں کی خدمات حاصل کرتی ہے اور بدلے میں ان کو بھی مواقع فراہم کرتی ہے۔

اس ادارے کے پاکستان میں نائب صدر میثم رضا رضوی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ضروری نہیں اس ادارے میں صرف وہ نوجوان آسکتے ہوں جن کا تعلق کمپیوٹر سائنس کے شعبے سے ہو۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’انجینیئرنگ کے شعبے سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی شخص جو پیچیدہ مسئلے کا حل ڈھونڈنے میں ماہر اور دلچسپی رکھتا ہو، جس میں تجزیہ اور مسئلے کا تنقیدی نظروں سے جائزہ لینے کا ہنر ہو، وہی ہمارا انتخاب ہے۔‘

میثم رضوی کا کہنا ہے کہ ایفینٹی کمپنی میں آنے والے نوجوانوں کو وقتاً فوقتاً وسیع بنیادوں پر تربیت دی جاتی ہے اور پھر ان کو عالمی سطح پر دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں سے پڑھے ہوئے اوراعلی سطح کے ماہرین و امپلائیز سے ملایا جاتا ہے۔

’پھر اگر وہ بہترین کارکردگی دکھاتے رہے تو ان کو امریکہ، برطانیہ اور دیگر جگہوں میں ایفینیٹی کے دفاتر میں کام کرنے کا موقع بھی دیا جاتا ہے۔‘

ایفینٹی کمپنی نے پاکستان میں اسلام آباد، لاہوراور کراچی میں بہت پہلے اپنے دفاتر کھول رکھے تھے لیکن خیبر پختونخوا میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ سافٹ ویئر کمپنی ایفینٹی نے اپنا دفتر کھولا ہے۔

ادارے کے مینیجنگ ڈائریکٹر عثمان اصغر خان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ پشاور میں ایفینٹی کے دفتر میں صوبے میں آئی ٹی کے شعبے کی تعلیم حاصل کرنے والے 150 طلبہ کو روزگار کے مواقع مہیا کیے جائیں گے جن کے لیے نوجوان ابھی سے رابطے کرسکتے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی