انگلینڈ کرکٹ ٹیم 17 سال بعد کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچ گئی

انگلینڈ کا سکواڈ  19 کھلاڑیوں کے علاوہ معاون عملے سمیت کراچی ہوائی اڈے پر اترا۔

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 17 سال بعد پاکستان کے پہلے دورے پر جمعرات کو کراچی پہنچ گئی ہے، جہاں وہ ٹی ٹونٹی سیریز کے ابتدائی چار میچز کھیلے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے ایئرپورٹ پر مہمان ٹیم کا استقبال کیا۔

ہوائی اڈے کے ایک عہدیدار نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی  اے ایف پی کو بتایا کہ انگلینڈ کا سکواڈ  19 کھلاڑیوں کے علاوہ معاون عملے سمیت کراچی کے ہوائی اڈے پر اترا۔

مہمان کرکٹ ٹیم کے کپتان جو بٹلر جبکہ نائب کپتان معین علی ہوں گے۔ معین علی نے پاکستان روانگی سے قبل ٹویٹ کیا تھا کہ ’بیگ تیار ہیں، اپنے دوسرے گھر پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے لیے مزید انتظار نہیں ہو سکتا۔‘

انگلینڈ کی ٹیم آخری بار 2005 میں پاکستان کھیلنے آئی تھی اور گذشتہ سال پاکستان آنا تھا لیکن دورہ نیوزی لینڈ کی منسوخی کے فوری بعد مختصر نوٹ پر آنے سے انکار کر دیا۔

مہمان ٹیم 20 ستمبر سے دو اکتوبر تک کراچی اور لاہور میں پاکستان کے ساتھ سات ٹی 20 میچ کھیلے گی۔ ابتدائی چار میچز نیشنل سٹیڈیم کراچی اور آخری تین قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

پہلا میچ 20 ستمبر، دوسرا 22 اور تیسرا میچ 23 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ چوتھا میچ 25 ستمبر، پانچواں 28 اور چھٹا 30 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی20 سیریز کا آخری میچ دو اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

پی سی بی نے سات میچوں پر مشتمل اس ٹی20 سیریز کے لیے ابھی تک سکواڈ کا اعلان نہیں کیا۔ یہ اعلان آج متوقع ہے۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے پاکستانی سکواڈ کا اعلان آج کریں گے۔

اس ٹی 20 سیریز کے بعد دسمبر میں تین ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے انگلینڈ کی ٹیم دوبارہ پاکستان آئے گی۔

کمنٹری پینل

پی سی بی کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ اس نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تاریخی سات ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کے لیے ایک بہترین کمنٹری پینل تشکیل دیا ہے۔

انگلینڈ کے معروف کمنٹیٹر ڈیوڈ گوور اور مارک بچر جبکہ پاکستان کے کرکٹ لیجنڈز وسیم اکرم، وقار یونس، عامر سہیل، بازید خان اور عروج ممتاز 20 ستمبر سے دو اکتوبر تک کراچی اور لاہور میں کھیلے جانے والے سات میچوں پر کمنٹری کریں گے۔

پوری سیریز کے دوران، یہ ماہرین مشہور پیش کار زینب عباس کی میزبانی میں ہونے والے میچ سے پہلے اور بعد کے شوز میں اپنے خیالات بھی پیش کریں گے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ