بابر اعظم نے میری سٹوری شیئر کی، ملنا بھی چاہتا ہوں: خصوصی کرکٹر

بابر اعظم نے جب سے کراچی کے17 سالہ خصوصی کرکٹر منیب الباری کا ایک انٹرویو سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے اس وقت سے ان کی کرکٹ میں بہتری آ گئی ہے۔

(تصویر:سکرین گریب)

پاکستان کرکٹ کے کپتان بابر اعظم نے جب سے کراچی کے 17 سالہ خصوصی کرکٹر منیب الباری کا ایک انٹرویو سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے اس وقت سے منیب کے مطابق ان کی کرکٹ میں بہتری آ گئی ہے۔

منیب بچپن سے ’جووینائل آرتھرائٹس‘ نامی بیماری میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے ان کا نہ صرف قد بڑھنا رک گیا بلکہ وہ کافی بیمار بھی رہنے لگے۔

منیب کے والد امین الباری نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ان کا بیٹا تین سال کی عمر میں اس بیماری میں مبتلا ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ دنیا میں پانچ فیصد لوگ اس بیماری میں مبتلا  ہیں۔ ’اس بیماری میں انسانی کی ہڈیاں خشک ہونے لگتی ہیں اور سوجن ہو جاتی ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ اس بیماری میں شدید درد ہوتا ہے جسے درد کشا ادویات سے کم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، لیکن اس کے مضر اثرات بھی ہیں جس میں نشونما کا رکنا شامل ہے۔

امین کے مطابق  15سال کی عمر تک منیب پر اس بیماری کا کافی اثر رہا جس کے بعد ان میں بہتری آنے لگی۔

’ان کی والدہ نے ان کی کافی حوصلہ افزائی کی اور اب ماشا اللہ منیب کرکٹ کھیلنے کے ساتھ ساتھ ورزش کرتے ہیں اور اپنی بیماری کو بھول رہے ہیں۔‘

بابر اعظم کے سٹوری شیئر کرنے کے حوالے منیب کے والد نے بتایا کہ اس کے بعد سے منیب کی زندگی میں ایک نئی امید کی کرن آئی ہے۔

’اب منیب مزید پراعتماد ہوگیا ہے کہ وہ آگے اچھا کھیل سکتا ہے اور بابر اعظم کی طرح اپنے ملک کا نام روشن کر سکتا ہے۔‘

منیب ایک سال سے باقاعدہ ایک کرکٹ اکیڈمی میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔

منیب نے بتایا کہ انہیں بچپن سے کرکٹ کھیلنے کا شوق تھا اور جب ان کے اصرار پر ان کی والدہ انہیں کچھ کرکٹ اکیڈمیز میں لے کر گئیں تو سب نے داخلہ دینے سے صاف منع کردیا۔

ایسی صورت حال میں منیب اور ان کے والدین نے ہمت نہیں ہاری  اور کوششیں جاری رکھیں جس کی وجہ سے ٹی ایم سی کرکٹ اکیڈمی نے انہیں داخلہ دے دیا جہاں وہ آج بھی روزانہ پریکٹس کرتے ہیں۔

منیب بتاتے ہیں کہ بیماری کی وجہ سے انہیں مشورہ دیا گیا کہ اکیلے ہی کرکٹ کھیلیں جس سے انہیں مایوسی ہوئی لیکن انہوں نے ہمت نہ ہاری۔

منیب اکیڈمی میں روزانہ ڈرائیو، شارٹس، بیٹینگ، کیچنگ، بولنگ اور دیگر چیزوں کی پریکٹس کرتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

منیب بتاتے ہیں کہ کچھ ماہ پہلے ان پر کسی ڈیجیٹل میڈیا نے سٹوری بنائی تھی، جسے بابر اعظم نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا پیج پر شیئر کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی۔

اس دن سے منیب کا حوصلہ اور ہمت مزید بڑھ گئی اور اب وہ زیادہ اچھے انداز سے کھیلتے ہیں۔

سٹوری شیئر ہونے کے بعد محلے والے بھی ان کی کافی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

منیب نے بابر اعظم سے اپیل کی ہے کہ ان کو جب بھی وقت ملے وہ ان سے خود ملیں یا ملاقات کے لیے بلائیں۔

منیب نےاس موقعے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)، دیگر اکیڈمیز اور لیجنڈری کرکٹرز سے سپورٹ کی اپیل کی۔

ٹی ایم سی اکیڈمی کے کوچ محمد اقبال انصاری نے، جو سات سے 17 سال کے بچوں کو کرکٹ سکھاتے ہیں، کہا منیب نے اپنی لگن کی وجہ سے بہت کم وقت میں کافی کچھ سیکھا۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ