وانا میں پولیس وین کے قریب دھماکہ، دو اموات اور 25 زخمی: ریسکیو حکام

جنوبی وزیرستان کے ریسکیو حکام نے انڈپینڈنٹ اردو کو دھماکے میں دو افراد کی موت کی تصدیق کی جبکہ 25 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں 22 ستمبر 2024 کو ایک پولیس وین پر بم دھماکے کے بعد اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں (فائل فوٹو/ اے ایف پی)

خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں ریسکیو حکام کے مطابق ہفتے کو وانا بازار میں پولیس وین پر ہونے والے بم حملے میں دو افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ 25 زخمی ہو گئے۔

وانا پولیس کنٹروم روم کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ھماکہ وانا بازار میں مرزا عالم پیٹرول پمپ کے قریب پولیس وین پر ہوا۔

جنوبی وزیرستان کے ریسکیو حکام نے انڈپینڈنٹ اردو کو دھماکے میں دو افراد کی موت اور 25 زخمیوں کی تصدیق کی ہے۔ وانا کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس اصغر علی شاہ نے بھی دو اموات کی تصدیق کی۔

ریسکیو 1122 کے ایک اہلکار نے بتایا کہ مرنے والوں میں ایک پولیس اہلکار اور ایک عام شہری شامل ہے جبکہ زخمیوں میں زیادہ تر عام لوگ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایک زخمی کو ڈیرہ اسماعیل خان ہسپتال جبکہ تین زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں سی ایم ایچ وانا منتقل کر دیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس کو واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔

وزیر اعلیٰ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق انہوں کی زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فوری فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

خیبرپختونخوا ایک مرتبہ پھر شدت پسندانہ حملوں کی زد میں ہے جہاں جمعہ چھ مارچ، 2026 کو ضلع شمالی وزیرستان میں ایک چیک پوسٹ کے قریب دھماکے میں ایک شخص کی موت اور خواتین اور بچوں سمیت 16 افراد زخمی ہوئے تھے۔

یہ حملے ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب جب ایک طرف تو پاکستان فوج کی افغانستان میں کارروائیاں جاری ہیں جبکہ دوسری کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے جمعے ہی سے ’خیبر‘ کے نام سے تازہ کارروائیوں کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔

کالعدم ٹی ٹی پی کے اس اعلان پر پاکستانی حکومت کا کوئی ردعمل تو سامنے نہیں آیا تاہم حالیہ مہینوں کے دوران عسکریت پسندوں کی کارروائیوں کا ذمہ دار حکومت ٹی ٹی پی کو ٹھراتی ہے۔

حکومت پاکستان کا موقف ہے کہ یہ تنظیم پاکستان کے اندر بھی سرگرم ہے اور افغانستان کی سرزمین سے بھی کارروائیاں کرتی ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان