کیمسٹری کا نوبیل انعام تین سائنس دانوں کے نام

ایک کروڑ سویڈش کرونا کی انعامی رقم تینوں نوبیل جیتنے والے کیمیا دانوں میں تقسیم کی جائے گی جو 10 دسمبر کو سٹاک ہوم میں ہونے والی تقریب میں سویڈش بادشاہ کارل گسٹاف سے انعام حاصل کریں گے۔

پانچ اکتوبر 2022 کو سٹاک ہوم میں رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز میں پریس کانفرنس کے دوران کیمسٹری میں 2022 کے نوبیل انعام کے فاتح (اے ایف پی)

کیمسٹری کا نوبیل انعام بدھ کو امریکہ اور ڈنمارک کے تین کیمیا دانوں نے جیت لیا ہے۔ انہوں نے ایسا کیمیائی ردعمل دریافت کیا جو من پسند مرکب کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جیوری نے بدھ کو کہا کہ امریکی کیمیا دان کیرولین برٹوزی اور بیری شارپلس کو ڈینش مورٹن میلڈل کے ساتھ  مشترکہ طور پر ’کلک کیمسٹری اور بائیو آرتھوگونل کیمسٹری‘ کی ترقی میں ان کی خدمات کے لیے اس اعزاز سے نوازا۔

81 سالہ شارپلس نے دوسری بار نوبیل انعام اپنے نام کیا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 2001 میں کیمسٹری کا نوبیل جیتا تھا۔

دنیا میں صرف چار دیگر افراد نے دو بار نوبیل جیتنے کا کارنامہ انجام دیا ہے جن میں پولش نژاد فرانسیسی سائنس دان میری کیوری بھی شامل ہیں۔

جیوری نے ایک بیان میں کہا کہ ’کلک کیمسٹری ایک خوبصورت اور موثر کیمیائی رد عمل ہے جو اب بڑے پیمانے پر استعمال کیا جا ہے۔ بہت سے دوسرے استعمال کے علاوہ اسے دواسازی کی ترقی، ڈی این اے کی میپنگ اور زیادہ موزوں مواد بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔‘

انعام کے اعلان کے بعد کیلیفورنیا سے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے برٹوزی نے کہا: ’میں یہ سن کر بالکل دنگ رہ گئی۔ میں یہاں بیٹھی ہوں اور یہ خبر سننے کے بعد پرجوش ہوں۔‘

ایک کروڑ سویڈش کرونا کی انعامی رقم تینوں نوبیل جیتنے والے کیمیا دانوں میں تقسیم کی جائے گی جو 10 دسمبر کو سٹاک ہوم میں ہونے والی تقریب میں سویڈش بادشاہ کارل گسٹاف سے انعام حاصل کریں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

10 دسمبر 1896 کو انتقال کرنے والے سویڈن سے تعلق رکھنے والے ڈائنامائٹ کے موجد اور تاجر الفریڈ نوبیل نے اپنی آخری وصیت میں اس انعام کے اجرا کا اعلان کیا تھا۔ 

گذشتہ سال اکیڈمی نے جرمنی کے بینجمن لسٹ اور امریکی نژاد برطانوی کیمیا دان ڈیوڈ میک ملن کو مالیکیول کی تعمیر کے لیے ایک درست ٹول تیار کرنے کے لیے اس اعزاز سے نوازا تھا۔

اس سے قبل پیر کو میڈیسن کا نوبیل سویڈش ماہر حیاتیات سوانتے پابو کو معدوم ہومینز اور انسانی ارتقا کے جینوم دریافت کرنے پر دیا گیا۔

فرانس کے طبیعیات دان ایلین اسپیکٹ، امریکہ کے جان کلوزر اور آسٹریا کے اینٹون زیلنگر نے منگل کا فزکس کا نوبیل پرائز جیتا تھا جنہوں نے تجرباتی ٹولز تیار کرنے کے لیے کوانٹم اینگلمنٹ کو ثابت کرنے میں مدد کی تھی۔

کیمسٹری پرائز کے بعد سب سے اہم  ادب اور امن کے انعامات کا اعلان بالترتیب جمعرات اور جمعے کو کیا جائے گا۔

یوکرین پر روسی حملے کے پیش نظر اس سال امن کا نوبیل انعام کو ایک خاص اہمیت حاصل ہونے کی امید ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سائنس