نمک منڈی پشاور میں پارکنگ کا حل 10 منزلہ نیا پلازہ

یہ پارکنگ پلازہ پشاور کی صوبائی حکومت، سٹی گورنمنٹ اور پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کا مشترکہ منصوبہ تھا جو تین سال قبل شروع ہو کے فروری 2022 میں مکمل ہوا۔

پشاور میں اندرون شہر، نمک منڈی بازار کے عین وسط میں دس منزلہ جدید سہولیات سے آراستہ عمارت تعمیر کر کے تقریباً دو سو گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے گنجائش پیدا کی گئی ہے۔

نمک منڈی پشاور کے مصروف ترین کاروباری مراکز میں سے ایک ہے۔

پارکنگ پلازہ کا افتتاح گذشتہ روز 10 نومبر کو وزیر بلدیات فیصل امین خان سمیت ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) فیاض علی شاہ نے کیا۔

فیاض علی شاہ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ یہ پلازہ صوبائی حکومت، سٹی گورنمنٹ اور پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کا مشترکہ منصوبہ تھا جو تین سال قبل شروع ہوا تھا اور فروری 2022 میں مکمل ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ اس عمارت پر 40 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔

’یہ رقم پی ڈی اے نے اپنے فنڈز سے اس پر لگائی۔ 10 منزلہ اس عمارت میں چھ منزلوں پر گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے جگہ بنائی گئی ہے جبکہ بیسمنٹ سمیت تین منزلوں پر 119 دکانیں بنائی گئی ہیں۔‘

ڈی جی پی ڈی اے نے مزید بتایا کہ اس پلازہ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں معذور افراد کے لیے سہولت موجود ہے، بہترین معیار کی لفٹس اور مرد وخواتین کے لیے بیت الخلا کی سہولت کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔

’مصروف ترین علاقہ ہونے کے سبب یہاں ٹریفک جام رہتی ہے، ایسے میں پارکنگ کا بہت بڑا مسئلہ رہتا تھا اور ان کی حفاطت اس سے بھی بڑا مسئلہ تھا۔ نئی عمارت میں سی سی ٹی وی کیمروں کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ میرے خیال میں یہ پلازہ وقت کی بہت بڑی ضرورت تھی۔‘

شاہ نے بتایا کہ دلچسپی رکھنے والے افراد کو اب نیلامی کے ذریعے یہ 119 دکانیں دی جائیں گی۔

نمک منڈی میں بنایا گیا یہ جدید پلازہ ایک ایسے مقام پر بنا ہے جہاں دائیں، بائیں، سامنے اور عقب ہر جانب سے گلیاں اور سڑکیں موجود ہیں۔ پلازہ کے قریب مشہور جفت سازوں کی دکانیں، مشہور تکہ برانڈز، اور کچھ ہی سال قبل تعمیر کی گئی ’فوڈ سٹریٹ‘ واقع ہیں۔ یہاں خریداروں کا ہروقت تانتا بندھا رہتا تھا تاہم پارکنگ کی پریشانی رہتی تھی۔

موجودہ عمارت بننے سے قبل اس مقام پر پرانی دکانیں تھیں جن کے مالکان کو حکومت نے اس وقت کی موجودہ قیمت کے حساب سے معاوضہ ادا کیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پارکنگ پلازہ کے افتتاح پر جہاں ایک جانب کچھ تاجران حکومت خیبر پختونخوا اور تحریک انصاف کے حق میں نعرے بلند کر رہے تھے تو دوسری جانب کچھ تاجر میڈیا کے سامنے ناپسندیدگی کا اظہار کر رہے تھے۔

نمک منڈی بازار کے ایک تاجر عزت خان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ سکائی لائن پارکنگ پلازہ کی تعمیر سے وہ خوش تو ہیں کہ اب ان کی دکانوں کے سامنے غیر ضروری رش ختم ہوجائے گا اور انہیں بھی پارکنگ کی سہولت دستیاب ہوگی تاہم انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے پلازہ کے عین سامنے گزرنے والی سڑک انتہائی خراب حالت میں ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تقریباً 30 ایسے تاجر ہیں جن کی اس پلازہ کی تعمیر سے قبل یہاں دکانیں تھیں اور حکومت نے ان کو کہا تھا کہ انہیں اس پلازہ کے بننے کے بعد دکانوں میں ایک بڑی پیشکش کی جائے گی۔

’ایسا کچھ دیکھنے میں نہیں آیا، وہ تمام کرایہ دار، دکاندار جگہ بدر ہوئے اور اب کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔‘

دوسری جانب، افتتاح سے قبل جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے بھی اعتراض سامنے آیا اور یہ کہا گیا کہ اصولاً یہ افتتاح موجودہ میئر کی جانب سے ہونا چاہیے تھا، جن کا تعلق جے یوآئی سے ہے۔

تاہم، خیبر پختونخوا حکومت کا موقف تھا کہ یہ منصوبہ پی ٹی آئی حکومت نے تخلیق کیا اور انہوں نے ہی اس کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان