ہالی وڈ اداکار بروس ولس دماغ سکڑنے کی بیماری میں مبتلا

بروس ولس کے اہل خانہ نے اداکار کی بیماری کی اطلاع دیتے ہوئے کہا: ’یہ ایک بہت بے رحم بیماری ہے جس کے بارے میں ہم میں سے بہت سے لوگوں نے کبھی نہیں سنا ہوگا۔ کوئی بھی اس مرض میں مبتلا ہو سکتا ہے۔‘

بروس ولس کا فلم ’ لِو فری اور ڈائی ہارڈ‘ میں ایک ایکشن سین (ویڈیو سکرین گریب)

ہالی وڈ اداکار بروس ولس کے اہل خانہ نے بتایا ہے کہ وہ ڈیمنشیا کے مرض میں مبتلا ہو گئے ہیں، جس کے باعث وہ اداکاری نہیں کریں گے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ولس میں خاص طور پر فرنٹوٹیمپورل ڈیمنشیا (ایف ٹی ڈی) کی تشخیص ہوئی ہے۔

بروس ولسن کے اہل خانہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق 67 سالہ اداکار کی حالت گذشتہ سال اس وقت سے بگڑی جب سے ان میں افیزیا نامی بیماری کی تشخیص ہوئی۔

ولس کے خاندان کے بقول: ’بدقسمتی سے رابطے میں مشکل بروس کی بیماری کی صرف ایک علامت ہے۔ اگرچہ یہ تکلیف دہ ہے لیکن آخر کار اس کی واضح تشخیص ہو جانا اطمینان کی بات ہے۔‘

ولس کے خاندان نے مزید بتایا: ’ایف ٹی ڈی بہت بے رحم بیماری ہے جس کے بارے میں ہم میں سے بہت سے لوگوں نے کبھی نہیں سنا ہوگا۔ کوئی بھی اس مرض میں مبتلا ہو سکتا ہے۔‘

60 سال سے کم عمر کے لوگوں کے لیے ایف ٹی ڈی،  ڈیمنشیا کی سب سے عام شکل ہے۔ چوں کہ مرض کی تشخیص  میں سالوں لگ سکتے ہیں اس لیے ایف ٹی ڈی ہمارے علم کے مقابلے میں ممکنہ طور پر کہیں زیادہ عام ہے۔

ولس کے خاندان نے مزید کہا: ’اس وقت اس بیماری کا کوئی علاج نہیں ہے۔ یہ ایک ایسی حقیقت ہے جس کے بارے میں ہمیں امید ہے کہ یہ آنے والے سالوں میں بدل سکتی ہے۔ جیسے جیسے بروس کی حالت آگے بڑھ رہی ہے ہمیں امید ہے  کہ میڈیا کی توجہ اس بیماری پر روشنی ڈالنے پر مرکوز کی جا سکتی ہے، جس کے لیے بہت زیادہ آگاہی اور تحقیق کی ضرورت ہے۔‘

فرنٹوٹیمپورل ڈیمنشیا (ایف ٹی ڈی) ڈیمنشیا کی وہ قسم ہے جو دماغ کے سامنے والے اطراف کے حصوں کو متاثر کرتی ہے۔ دماغ کے یہ حصے رویے، زبان اور دوسری اہم افعال کی انجام دہی کے ذمہ دار ہیں۔

الزائمر کی بیماری کے برعکس جو بنیادی طور پر یاداشت کو متاثر کرتی ہے، ایف ٹی ڈی  اکثر شخصیت، رویے اور زبان میں تبدیلیوں کا سبب بنتی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بروس ولس کے خاندان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ دوسروں کی مدد کے لیے دنیا میں اپنی آواز کا استعمال کرنے اور عوامی اور نجی سطح پر اہم مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں یقین رکھتے تھے۔

بروس ولس کی اہلیہ ایما ولس، سابقہ بیوی ڈیمی مور اور تین بالغ بیٹیوں رومر ولس، سکاؤٹ ولس اور ٹلولا ولس نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے بیان میں بتایا ہے کہ ولس میں مارچ 2022 میں افیزیا نامی بیماری کی تشخیص ہوئی جس کے بعد خاندان نے انکشاف کیا کہ وہ فلموں میں مزید کام نہیں کریں گے۔ افیزیا ایسی بیماری ہے جس میں کوئی فرد سادہ الفاظ بھی یاد نہیں رکھ سکتا اور نہ ہی دوسروں کے ساتھ رابطہ کرنے کے  قابل ہوتا ہے۔

مرض کی تشخیص کے بعد ولس کے خاندان نے کہا تھا کہ یہ  خاندان کے لیے واقعی مشکل وقت ہے اور وہ لوگوں کی مسلسل محبت، ہمدردی اور تعاون کے بہت قدر کرتا ہے۔

ولس خاندان کے بقول: ’ہم ایک مضبوط خاندانی اکائی بن کر اس وقت سے گزر رہے ہیں اور ولس کے مداحوں کو بھی بتانا چاہتے ہیں کیوں کہ ہم جانتے ہیں کہ وہ آپ کے لیے اور آپ ان کے لیے کتنے معنی رکھتے ہیں۔ جیسا کہ بروس ہمیشہ کہا کرتے تھے کہ زندگی زندہ دلی کا نام ہے اور ہم مل کر ایسا ہی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم