آئی پی ایل: کوہلی پر 24 لاکھ انڈین روپے کا جرمانہ

ایک میچ میں سست اوور ریٹ پر رائل چیلنجرز بنگلور کے متبادل کپتان کوہلی کے علاوہ پلیئنگ الیون پر بھی جرمانہ عائد ہوا ہے۔

کوہلی رائل چیلنجرز بنگلور کے آخری دو میچوں میں متبادل کپتان رہے ہیں (اے ایف پی)

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2023 کے ایک میچ میں سست اوور ریٹ پر رائل چیلنجرز بنگلور کے متبادل کپتان وراٹ کوہلی پر 24 لاکھ روپے انڈین جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

یہ میچ 23 اپریل کو کے ایم چناسوامی سٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں بنگلور نے راجستھان رائلز کو ہرا دیا۔

ویب سائٹ کرک انفو ڈاٹ کام کے مطابق کوہلی کے علاوہ پلیئنگ الیون اور متبادل کھلاڑی کو بھی جرمانہ کیا گیا۔

انہیں چھ، چھ لاکھ انڈین روپے یا میچ فیس کا 25 فیصد، جو بھی کم ہو آئی پی ایل کو ادا کرنا ہو گا۔

انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق آئی پی ایل نے ایک بیان میں کہا ’رائل چیلنجرز بنگلور، جس نے راجستھان رائلز کے خلاف اپنے میچ کے لیے ویراٹ کوہلی کو کپتان مقرر کیا، ان پر ٹیم کی طرف سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ایم چناسوامی سٹیڈیم بنگلورو میں 23 اپریل، 2023 کو راجستھان رائلز کے خلاف کھیلے گئے میچ کے دوران سلو اوور ریٹ برقرار رکھنے پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’چوں کہ یہ آئی پی ایل کے ضابطہ اخلاق کے تحت سیزن میں ان کی ٹیم کی دوسری بے ضابطگی تھی جس میں کم از کم اوور ریٹ سے متعلق بے ضابطگی پر کوہلی پر 24 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ پلیئنگ الیون کے ہر رکن بشمول امپیکٹ متبادل پر بھی جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ چھ لاکھ روپے یا میچ فیس کا 25 فیصد، جو بھی کم ہو۔‘

ٹیم کو آن فیلڈ سزا بھی دی گئی۔ انہیں 20 ویں اوور میں 30 یارڈ کے دائرے کے باہر صرف چار فیلڈرز کی موجودگی میں بولنگ کروانی پڑی۔

آئی پی ایل کے رواں سیزن میں بنگلور نے دوسری مرتبہ سست اوور ریٹ کا مظاہرہ کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بنگلور نے پہلی مرتبہ لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف میچ میں سست اوور ریٹ کا مظاہرہ کیا۔ اس میچ میں رائل چیلنجرز کو شکست ہو گئی تھی۔

اس بار صرف رائل چیلنجرز کے باقاعدہ کپتان فاف ڈوپلیسی کو 12 لاکھ انڈین روپے کا جرمانہ کیا گیا تھا۔

کوہلی آخری دو میچوں میں رائل چیلنجرز کے کپتان رہے تھے کیوں ڈو پلیسی انجری  کی وجہ سے فیلڈنگ کے لیے فٹ نہیں تھے۔

 ڈو پلیسی نے دونوں میچوں میں بیٹنگ کی لیکن جب رائل چیلنجرز فیلڈنگ کر رہے تھے تو ان کی جگہ کوہلی نے لے لی۔ ٹیم نے متبادل کھلاڑی کے اصول کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا۔

رائل چیلنجرز اب تک اپنے سات میں سے چار میچ جیت چکے ہیں اور پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ