روڈ ٹو مکہ کی پرواز سے جانے والے عازمین حج بے حد خوش ہیں: پاکستانی حکام

پاکستانی حکام کے مطابق رواں سال عازمین حج کی سب سے بڑی تعداد کراچی شہر سے روانہ ہو گی جن میں سے اب تک 36 پروازیں مدینہ پہنچ چکی ہیں۔

پاکستانی حکام کے مطابق رواں سال 46 ہزار عازمین حج کراچی سے روانہ ہوں گے جن میں سے اب تک 36 پروازیں مدینہ پہنچ چکی ہیں۔

کرونا وبا کے بعد دنیا بھر سے عازمین حج کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جبکہ اس بار پاکستان کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر 65 سال کی حد بھی ختم کر دی گئی ہے۔

کراچی حاجی کیمپ کے ڈائریکٹر سجاد حیدر کے مطابق پاکستان میں حجاج  ’روڈ ٹو مکہ‘ پراجیکٹ سے بھی مستفید ہورہے ہیں۔

سجاد حیدر نےانڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’رواں سال سب سے زیادہ حاجی کراچی شہر سے روانہ ہورہے ہیں، مجموعی طور پر یہ تعداد 46 ہزار ہے، جس میں سرکاری سکیم کے تحت 17ہزار آٹھ سو جبکہ 26ہزار حجاج پرائیوٹ سکیم کے تحت جائیں گے۔‘

کیمپ میں تربیت کے حوالے سے سجاد حیدر نے بتایا کہ ’حاجی کیمپوں میں گردن توڑ بخار، فلو اور پولیو کی حفاظتی ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے جس کا آغاز 17 مئی سے ہوا ہے، جبکہ کراچی میں حاجیوں کی سہولت کے لیے ایئر لائنز نے بھی اپنے دفاتر قائم کیے ہوئے ہیں تاکہ حاجیوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سجاد حیدر کے مطابق: حاجیوں کے لیےآخری فلائیٹ 19جون کو کراچی سے سعودی عرب کے لیے روانہ ہوگی جبکہ حج کی ادائیگی کے بعد پروازوں کی واپسی کا سلسلہ چار جولائی سے شروع ہو جائے گا۔‘

روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ سے حاجیوں کے لیےکیا کیا آسانی ہوئی؟ 

روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ پانچ برس قبل شروع کیا گیا تھا جس کا مقصد مختلف ملکوں سے آنے والے عازمین کے لیے طریقہ کار کو آسان بنانا تھا، اس سکیم کے تحت عازمین حج مملکت کی بجائے اپنے اپنے ممالک کے ہوائی اڈوں پر امیگریشن کے عمل سے گزرسکیں گے۔

 ڈائریکٹر حاجی کیمپ نے سعودی حکومت کی روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کی کاوش کو سراہا انہوں نے بتایا کہ ’روڈ ٹو مکہ اقدام عازمین کو مکہ اور مدینہ میں ان کی رہائش گاہوں تک پہنچانے کے لیے براہ راست بسوں میں منتقل کرنے کا انتظام کرتا ہے۔ ان سہولیات کے باعث مختلف ملکوں کو اس پروگرام میں شرکت کی ترغیب ملتی ہے۔ اب تک "روڈ ٹو مکہ" پروگرام میں مراکش، انڈونیشیا، ملائیشیا، پاکستان، بنگلہ دیش، ترکی اور آئیوری کوسٹ شامل ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگلے سال حج میں لاہور سمیت پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی روڈ ٹو مکہ بحال کر دیا جائے گا۔‘

سندھ سکاؤٹس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری سید اختر میر نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کے تمام حاجی کیمپوں میں وزارت مزہبی امور کے ساتھ مل کر حاجیوں کی خدمت کے لیےسکاؤٹس کی ٹیم مصروف ہے، یہ سلسلہ 1985سے جاری ہے جبکہ 1982 سے وزارت مزہبی امور نے سکاؤٹس کو سعودی عرب میں بھی خدمات کے لیےبھیجا تھا اور یہ سلسلہ بھی آج تک جاری ہے۔‘

سید اختر میر نے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے حوالے سے بتایا کہ ’اس پراجیکٹ سے گذشتہ سال بھی حاجی مستفید ہوئے تھے اور اسلام آباد سے 16ہزار حاجی ’روڈ ٹو مکہ‘ منصوبے کے تحت مدینہ پہنچے تھے۔ جبکہ رواں سال بھی پاکستان سمیت دیگر ممالک نے ’روڈ ٹو مکہ‘ منصوبے سے فائدہ اٹھایا، جبکہ کرونا وبا کے باعث کراچی اور لاہور میں یہ منصوبہ بحال نہیں کیا گیا۔ توقع ہے کہ اگلے سال کے حج تک روڈ ٹو مکہ پاکستان کے تمام صوبوں میں بحال کر دیا جائے گا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا