کرکٹ کے کھیل کو عام طور پر صرف مردوں سے ہی جوڑا جاتا رہا ہے حالانکہ خواتین کرکٹرز اس کھیل میں اپنا لوہا منوا چکی ہیں مگر اب بھی جو پذیرائی مرد کرکٹرز کو ملتی ہے وہ خواتین کھلاڑیوں کی نہیں ملتی۔
یہی وجہ ہے کہ خواتین کرکٹرز کے میچز کم ہی ٹی وی پر دکھائے جاتے ہیں جب تک کہ ورلڈ کپ جیسا کوئی بڑا ایونٹ نہ ہو۔
کرکٹ ورلڈ کپ کی بات کی جائے اور اس کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو ایک حیران کن بات سامنے آتی ہے کہ پہلا کرکٹ ورلڈ کپ 50 سال قبل کھیلا گیا تھا اور وہ مردوں کے درمیان نہیں بلکہ خواتین کھلاڑیوں نے کھیلا تھا۔
پہلا کرکٹ ورلڈ کپ ویمن ٹیمز کے درمیان 1973 میں کھیلا گیا تھا جبکہ مردوں کا پہلا ورلڈ کپ اس کے دو سال بعد منعقد کیا گیا تھا۔
✨ 5️⃣0️⃣ GLORIOUS YEARS ✨
— ICC (@ICC) June 20, 2023
Celebrate the anniversary of the first-ever Cricket World Cup which began on this day in 1973.
More ➡️ https://t.co/tHH25Et5eh pic.twitter.com/hPRKzseMzZ
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ان دنوں تاریخ کے سب سے پہلے ورلڈ کپ کے 50 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہا ہے۔
اسی ورلڈ کپ کی ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کا افتتاحی میچ کھیلا ہی نہیں جا سکا تھا۔ 20 جون 1973 کو نیوزی لینڈ اور جمیکا کے درمیان انگلینڈ میں کھیلے جانے والا پہلا میچ بارش کے باعث بنا کوئی گیند پھینکے ہی ختم ہو گیا تھا۔
پہلے کرکٹ ورلڈ کپ میں سات ٹیموں نے حصہ لیا تھا جن میں آسٹریلیا، انگلینڈ، انٹرنیشنل الیون، جمیکا، نیوزی لینڈ، ٹرینیڈاڈ اینڈ توبیگو اور ینگ انگلینڈ شامل تھیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خواتین کے پہلے ورلڈ کپ کا فائنل 28 جولائی 1973 کو انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مابین کھیلا گیا جو انگلینڈ نے 92 رنز سے جیت لیا تھا۔
آئی سی سی نے تاریخ کے پہلے عالمی کپ کی یادوں کو تازہ کرنے اور کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے والے کرکٹرز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پانچ ہفتے تک تقریبات منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ تقریبات پہلے ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب کی مناسبت سے 20 جون کو شروع ہوئیں جو 28 جولائی کو ہونے والے پہلے ورلڈ کپ فائنل میچ کی تاریخ یعنی 28 جولائی تک جاری رہیں گی۔
اس ٹورنامنٹ کی سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی انگلینڈ کی اینیڈ بیکی ویل ایم بی ای تھیں جنہوں نے کل 264 رنز سکور کیے تھے، جن میں دو سینچریاں بھی شامل تھیں۔