’میں ولن بنتا ہوں تو کوئی ہیرو ٹک نہیں سکتا‘: شاہ رخ کی نئی فلم کا ٹریلر

شاہ رخ خان نے پیر کو اپنی نئی فلم ’جوان‘ کا ٹریلر ریلیز کیا، جس میں ان کے کئی روپ دکھائے گئے ہیں۔

شاہ رخ خان کا اپنی نئی فلم میں ایک انداز (شاہ رخ خان/ انسٹاگرام)

’جب میں ولن بنتا ہوں تو کوئی ہیرو ٹک نہیں سکتا۔‘ بالی وڈ کنگ کہلانے والے شاہ رخ خان فلم ’جوان‘ کے اس طاقتور ڈائیلاگ کے ساتھ ایک بار پھر بڑی سکرین پر واپس آرہے ہیں۔

 1993 میں فلم ’ڈر‘ میں ایک نفسیاتی ولن کا کردار ادا کر کے فلمی دنیا میں تہلکہ مچانے والے شاہ رخ خان نئی فلم میں بھی خطرناک ولن کے روپ میں نظر آئیں گے، جس کے حوالے سے وہ کہتے ہیں: ’میں اچھا ہوں، برا ہوں؟ پنیہ ہوں یا پاپ ہوں؟ یہ خود سے پوچھنا۔‘ 

شاہ رخ نے پیر کو اپنی اس فلم کا ٹریلر ریلیز کیا، جس میں ان کے کئی روپ دکھائے گئے ہیں اور پہلی بار مداح انہیں گنجا بھی دیکھیں گے۔ 

دو منٹ دورانیے کے اس ٹریلر میں بھرپور ایکشن کے ساتھ دپیکا پڈوکون اور تامل فلم انڈسٹری کی ہیروئن نین تارا کی بھی جھلک دکھائی گئی ہے۔ 

اس فلم میں شاہ رخ خان پہلی بار تامل انڈسٹری کے ہدایت کار ارن کمار، جو ایٹلی کے نام سے جانے جاتے ہیں، کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ 

اس سال ’پٹھان‘ کے بعد یہ شاہ رخ خان کی دوسری فلم ہے، جس کا مداح بے صبری سے انتظار کر رہے تھے اور اس کا ٹریلر ریلیز ہوتے ہی ٹوئٹر پر کئی ٹرینڈز شروع ہوئے۔ 

شاہ رخ خان نے جیسے ہی انسٹا گرام پر ’جوان‘ کی جھلک دکھائی تو پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکیں اور انہوں نے اسے کچھ یوں سراہا۔

انڈین اداکار پلکت سمراٹ نے اس ٹریلر کو ’دھماکہ‘ قرار دیا۔ 

ٹوئٹر صارف اشیش نے ’جوان‘ کو فلم ’پٹھان‘ سے بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ سے دوبارہ ان کا مشہور ڈائیلاگ سننا ’نام تو سنا ہو گا‘ سن کر اچھا لگا۔


 

مہیش نے ٹریلر کو پسند کرتے ہوئے لکھا: ’اس بار ڈائیلاگ ڈیلیوری اچھی ہے۔ آپ نے خود پر مسلط کیا گیا کرن جوہر اور یش راج کا خول توڑنا شروع کر دیا ہے۔‘

صارف راج نے ایک شکایت بھی کر ڈالی کہا کہ ’ان دنوں اتنی ایکشن فلموں کیوں بن رہی ہیں؟ ہم 90 کی دہائی کی نسل، شاہ رخ خان کو رومینٹک کامیڈی کے حوالے سے جانتے ہیں، ان کی صلاحیتوں پر کوئی اعتراض نہیں، لیکن اس فلم نے یا پٹھان نے مجھے متاثر نہیں کیا۔‘

انڈین میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان کی پروڈکشن میں بننے والی یہ فلم سات ستمبر کو ہندی، تامل اور تیلگو زبان میں ریلیز کی جائے گی۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل