انڈین اداکارہ عالیہ بھٹ ہالی وڈ کی پہلی فلم میں بطور ویلن

عالیہ بھٹ نے ہالی وڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز کرتے ہوئے ٹام ہارپر کی نئی فلم ’ہارٹ آف سٹون‘ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

عالیہ بھٹ ہالی وڈ کی فلم ’ہارٹ آف سٹون‘ میں کام کریں گی، جسے گریگ روکا اور ایلی سن شروئڈر کے سکرین پلے سے فلمی کہانی کی شکل دی گئی ہے (اے ایف پی)

انڈین اداکارہ عالیہ بھٹ نے ٹام ہارپر کی نئی فلم ہارٹ آف سٹون سے ہالی وڈ میں قدم رکھ دیا ہے۔

فلم کو گریگ روکا اور ایلی سن شروئڈر کے سکرین پلے سے فلمی کہانی کی شکل دی گئی ہے۔ فلم کی کہانی ریچل سٹون نامی ایک خاتون کی ہے جن کا کردار ادکارہ گال گدوت نے ادا کیا ہے۔ یہ خاتون ’دی ہارٹ‘ نامی اہم شے کی حفاظت کے مشن پر جاتی ہیں۔

ریچل کا کام اس چیز کو دشمن کے ہاتھوں میں جانے سے محفوظ رکھنا ہے۔

فلم، جس میں جیمی ڈورنن نے بھی کام کیا ہے، میں عالیہ بھٹ نے کیا دھاون کا کردار ادا کیا ہے، جو ایک ولن ہے۔

فلم کے ٹریلر میں عالیہ کے کردار کو ’دی ہارٹ‘ چوری کرتے اور ریچل کو چیلنج کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ وہ چہرے پر مسکراہٹ لیے کہتی ہیں ’اب تم مجھے جواب دو۔‘

انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کو ایک انٹرویو میں عالیہ بھٹ نے اس بارے میں کھل کر بات کی کہ فلم میں ایک ولن کا کردار ادا کرنا کیسا لگتا ہے، جو انہوں نے پہلے کبھی نہیں کیا۔

فلم روکی اور رانی کی پریم کہانی کی سٹار عالیہ بھٹ کا نئی فلم میں اپنے کردار کے بارے میں کہنا تھا کہ ’میرا خیال ہے کہ برا انسان بننے میں بہت زیادہ مقصد اور لگن کی ضرورت ہوتی ہے، کیوں کہ میرے لیے میں بری نہیں ہوں۔

’اپنے لیے میں صحیح انسان ہوں۔ ہارٹ کے لیے کِیا کا شوق، ان کی ضرورت یا خواہش کے پیچھے وجہ موجود ہے۔ ان کا ایک مقصد ہے اور وہ اس پر یقین رکھتی ہیں۔

’اپنے لیے وہ بری انسان نہیں لہذا آپ کے لیے ضروری ہے کہ ایک اداکار کے طور پر اس لمحے کے ساتھ مکمل طور پر جڑے رہیں۔ میرا خیال ہے کہ بات ان کے دونوں پہلوؤں اور مقصد کی وضاحت کے ساتھ کی عکاسی کرنے کی ہے۔‘

انڈین خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کو انٹرویو میں گدوت نے عالیہ بھٹ کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے کے بارے میں بات کی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فلم ونڈر وومن کی ہیروئن کا کہنا تھا کہ ’وہ (عالیہ بھٹ) بہت زبردست ہیں۔ ہمارے درمیان آغاز میں ہی ایک تعلق قائم ہو گیا۔‘

’میرا خیال ہے کہ ہم میں بہت کچھ مشترک ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ میرا تعلق اسرائیل سے ہے اور ان کا انڈیا سے۔ اب ہم دونوں وہ فلم بنا رہے ہیں جو عالمی اور امریکی ہے۔

’اور ہم جو کچھ بھی کرتے ہیں بہت لگن اور محنت سے کرتے ہیں لیکن ہمیں اپنے خاندان کی بھی بہت فکر ہے۔ (بھٹ) کے ساتھ کام کا آغاز بہت آسان تھا۔ کسی کے ساتھ نئی دوستی شروع کرنے جیسا۔‘

ہارپر نے بھی عالیہ کو ’زبردست کشش کی مالک شاندار اور ذہین ادکارہ‘ قرار دیا۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو دیے گئے  انٹرویو کے دوران ڈائریکٹر ہارپر کا کہنا تھا کہ ’ہم بہت خوش تھے کہ عالیہ ہمارے ساتھ شامل ہونے جا رہی ہیں۔

’وہ انڈین فلمی صنعت میں بڑا نام ہیں لیکن یہ ان کی پہلی ہالی وڈ فلم ہے اور مکمل طور پر انگریزی زبان میں ہے۔ وہ بھرپور صلاحیتوں کی مالک ہیں۔ وہ بہت ذہین ہیں اور چھوٹی چھوٹی باتوں پر توجہ دیتی ہیں۔ ان میں وہ کشش موجود ہے جو اداکاروں میں ہوتی ہے۔‘

عالیہ نے سنیما گھروں کی زینت بننے والی اپنی تازہ ترین فلم روکی اور رانی کی پریم کہانی کے بعد ہالی وڈ میں ڈیبیو کیا ہے۔

اب یہ فلم، جس میں اداکار رنویر سنگھ بھی ہیں، عالمی باکس آفس پر دو کروڑ 40 لاکھ ڈالر سے زیادہ کا بزنس کر چکی ہے۔

ہارٹ آف سٹون جمعہ (11 اگست) کو سٹریمنگ سروس نیٹ فلکس پر ریلیز ہو چکی ہے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم