ورلڈ کپ: فخر زمان نے ڈک ورتھ لوئس اور نیوزی لینڈ کو ہرا دیا

پاکستان نے ورلڈ کپ 2023 میں بنگلورو میں کھیلے جانے والے بارش سے متاثرہ میچ میں نیوزی لینڈ کو 21 رنز سے شکست دے دی۔

چار نومبر، 2023 کو پاکستانی بلے باز فخر زمان انڈیا کے شہر بنگلورو میں ورلڈ کپ میچ کے دوران نیوزی لینڈ کے خلاف شاٹ کھیلتے ہوئے(اے پی)

پاکستان نے ورلڈ کپ 2023 میں بنگلورو میں کھیلے جانے والے بارش سے متاثرہ میچ میں نیوزی لینڈ کو 21 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے 402 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میں 25.3 اوورز میں 200 رنز بنائے اور ڈک ورتھ لوئس کے تحت نیوزی لینڈ کو 21 رنز سے شکست دی۔

پاکستان کا صرف ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا لیکن فخر زمان کی دھواں دھار اور بابر اعظم کی زمہ دارانہ بلے بازی کے باعث پاکستانی ٹیم نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے یہ میچ جیت لیا۔

پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے مطابق 25 اوورز میں کم سے کم 179 رنز بنانے تھے لیکن پاکستانی ٹیم نے اتنے ہی اوورز میں 200 رنز بنائے۔ 

فخر زمان کو 81 گیندوں پر 126 رنز بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ان کی اننگز میں 11 چھکے اور آٹھ چوکے شامل تھے۔ کپتان بابر اعظم نے 63 گیندوں پر 66 رنز بنائے۔

میچ کو بارش کے باؑعث دو بار روکا گیا، بارش نہ رکنے کے باعث میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا اور پاکستان کو بہتر رنز سکور کرنے پر فاتح قرار دے دیا گیا۔

اس میچ میں جیت کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کے آٹھ پوائنٹس ہو گئے ہیں۔

ہفتے کو بنگلورو میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز بنائے تھے۔

پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو نیوزی لینڈ کے اوپننگ بلے بازوں نے پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی۔

رچن رویندرا اور ڈیون کانوے نے دس اوورز میں 68  رنز کی شراکت قائم کی، پاکستان کو پہلی کامیابی ڈیون کانوے کی وکٹ کی صورت میں ملی جو  35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انہیں حسن علی نے آؤٹ کیا اور ایک روزہ کرکٹ میں اپنی سو وکٹیں پوری کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کے بعد کین ولیم سن بلے بازی کرنے آئے اور رچن رویندرا کے ساتھ مل کر 180  رنز کی پارٹنرشپ بنا ڈالی۔

پاکستان کو دوسری کامیابی 248 کے مجموعے پر ملی جب ولیم سن 95 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 

نیوزی لینڈ کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی رچن رویندرا تھے جو 108 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

رچن رویندرا کی وکٹ کے بعد نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں نے وکٹیں گرنے کے باوجود تیزی سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور پاکستانی بولرز رنز روکنے میں بظاہر بے بس دکھائی دیے۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان اس ورلڈ کپ میں اپنا اگلا میچ انگلینڈ کے خلاف 11 نومبر کو کلکتہ میں کھیلے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ