’فلسطین پر بمباری بند کرو‘ کی شرٹ پہنے مداح میدان میں داخل

آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان ورلڈ کپ 2023 میں احمد آباد میں کھیلے جانے والے فائنل کے دوران ایک مداح ’فلسطین پر بمباری بند کرو‘ کی شرٹ پہنے میدان میں داخل ہو گیا۔

آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان احمد آباد میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ فائنل کے دوران ایک مداح ’فلسطین پر بمباری بند کرو‘ کی شرٹ اور فلسطینی پرچم کا ماسک پہنے میدان میں داخل ہو گئے۔

کرکٹ ورلڈ کپ 2023  کا یہ فائنل انڈیا کی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں واقع دنیا کے سب سے بڑے سٹیڈیم نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔

انڈین اننگز کے تیرہویں اوور کے دوران فلسطینی پرچم کا ماسک پہنے یہ مداح اس وقت میدان میں داخل ہوئے جب انڈین بلے باز وراٹ کوہلی وکٹ پر موجود تھے۔

 اس مداح نے ’فلسطین پر بمباری بند کرو‘ کی شرٹ پہن رکھی تھی، شرٹ کی عقبی جانب ’فلسطین کو آزادی دو‘ کا نعرہ درج تھا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی پر جاری تصاویر میں اس مداح کو انڈین بلے باز ویراٹ کوہلی کے ہمراہ وکٹ پر موجود دیکھا جا سکتا ہے۔

مداح کے میدان میں داخلے کے کچھ لمحے بعد ہی سکیورٹی اہلکار میدان میں داخل ہوئے اور اس مداح کو میدان سے باہر لے گئے۔

بعد میں انہیں کرکٹ سٹیڈیم سے احمد آباد کے چندکھیڑا پولیس سٹیشن منتقل کر دیا گیا۔

انڈین نیوز ایجنسی اے این آئی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں اس شخص کو پولیس سٹیشن میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر وہاں موجود صحافیوں نے ان سے سوالات بھی کیے جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’میرا نام جان ہے اور میرا تعلق آسٹریلیا سے ہے۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’میں میدان پر ویراٹ کوہلی سے ملنے گیا تھا اور میں فلسطین کو سپورٹ کرتا ہوں۔‘

ان مناظر کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں اور صارفین کی جانب سے یہ تصاویر مختلف عنوان اور تبصروں کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہیں۔

فرید خان نامی صارف نے لکھا ’ورلڈ کپ کے احمد آباد میں ہونے والے فائنل کے دوران میدان میں داخل ہونے والا شخص فلسطینی پرچم اور شرٹ جس پر ’فلسطین پر بمباری بند کرو‘ کا پیغام درج ہے وراٹ کوہلی کو گلے لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔‘

احمد نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’کیا بہادر آدمی ہے۔ فلسطینی پرچم کا ماسک پہنے اور شرٹ جس پر لکھا ہے ’فلسطین پر بمباری بند کرو‘ ، ایک لاکھ انڈین شائقین کے سامنے میدان میں اتر آیا۔ میں ان کا احترام کرتا ہوں۔‘

 

بہرام حبیب عباسی نامی صارف نے لکھا ’یہ بہادری کی بہترین مثال ہے۔‘

ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میچ کے دوران اس مداح کی جانب سے فلسطینی پر بمباری بند کرنے کے مطالبے پر انڈین میڈیا میں بھی رپورٹنگ کی جا رہی ہے اور انڈین ذرائع ابلاغ بے بھی اس واقعے کو رپورٹ کیا ہے۔ 

اس واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ’سٹاپ بمبنگ فلسطین‘ کے الفاظ بھی ٹرینڈ کر رہے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ