اسرائیلی جنگ سے چاند تک دوڑ: 2023 کے اہم واقعات

ہم یہاں سال 2023 کے دوران ہونے والے 10 ہنگامہ خیز واقعات بیان کر رہے ہیں جن سے پوری دنیا پر گہرے اثرات مرتب ہوئے۔

2023 میں متعدد ایسے واقعات تھے جنہوں نے عالمگیر توجہ حاصل کی (کولاج: اے ایف پی)

2023 میں کون سے بڑے واقعات خبروں میں رہے؟ اسرائیل میں حماس کی کارروائی اور اسرائیل کے وحشیانہ حملوں سے لے کر ہسپانوی فٹ بال کوچ کے خاتون کھلاڑی کے بوسے تک ہم یہاں 2023 کے 10 ہنگامہ خیز واقعات بیان کر رہے ہیں جن سے دنیا پر گہرے اثرات مرتب ہوئے۔

اسرائیل کی غزہ پر جارحیت

سات اکتوبر کو حماس کی اسرائیل میں اچانک کارروائی میں 1100 سے زیادہ لوگ مارے گئے جب کہ تقریباً 250 افراد کو قیدی بنا لیا گیا۔ اس حملے سے دنیا ششدر رہ گئی۔

اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو نے حماس کو ’تباہ‘ کرنے کا عزم کے ساتھ غزہ میں فضائی حملوں کی ایک نہ ختم ہونے والی مہم اور زمینی کارروائی کی گئی جس سے بحیرۂ روم کے کنارے واقع اس تنگ سی غزہ کی پٹی کے شمالی حصے میں عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔

جنگ کے سات ہفتوں بعد دونوں فریق ایک ہفتے کی عارضی فائر بندی پر متفق ہوئے جس کے دوران حماس نے 105 اور اسرائیل نے 240 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا۔

حماس کے دوبارہ منظم ہونے کے خوف سے اسرائیل نے پھر اپنی جارحیت شروع کر دی اور اپنی توجہ جنوبی غزہ کے ان علاقوں پر موڑ دی جنہیں پہلے ’محفوظ زون‘ قرار دیا گیا تھا۔

امریکہ نے اس دوران جنگ بندی کا مطالبہ کرنے والی اقوام متحدہ کی قراردادوں کو ویٹو کرنا جاری رکھا۔

غزہ میں صحت کے حکام کے مطابق اسرائیل کی حالیہ جارحیت میں 20 دسمبر تک 20 ہزار سے زیادہ فلسطینی مارے گئے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔‌

یوکرین جنگ‌

روس کے اپنے پڑوسی ملک یوکرین پر حملہ کرنے کے 16 ماہ بعد کیئف نے مغربی ہتھیاروں اور تربیت حاصل کرنے کے بعد متوقع جوابی کارروائی کا آغاز کیا لیکن یہ روس کی مضبوط دفاعی لائن کو نقصان پہنچانے میں ناکام رہی جس نے اتحادیوں کو مایوس کیا۔

جیسے جیسے موسم سرما شروع ہو رہا ہے اور دنیا کی توجہ غزہ تنازع پر مرکوز ہے، یوکرین امریکہ اور یورپی یونین سے طویل مدتی فوجی حمایت کے مزید وعدوں کو حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔

دسمبر کے وسط میں صدر ولودی میر زیلنسکی کے لیے اس وقت ایک گھڑی کی راحت محسوس ہوئی جب یورپی یونین کے رہنما کیئف کی بلاک میں رکنیت کے مذاکرات شروع کرنے پر رضامند ہو گئے لیکن روس کے اتحادی ہنگری نے فوری طور پر یوکرین کے لیے 50 ارب یورو کے امدادی پیکج کو ویٹو کر کے ان کی خوشی پر پانی پھیر دیا۔

تباہ کن زلزلے

چھ فروری کی صبح صدی کے بد ترین زلزلوں میں سے ایک نے جنوب مشرقی ترکی کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا جس میں 50 ہزار سے زیادہ افراد مارے گئے۔ ترکی کے پڑوسی ملک شام میں بھی تقریباً چھ ہزار افراد اس قدرتی آفت میں لقمہ اجل بنے۔

7.8  شدت کے اس تباہ کن زلزلے کی دو تصاویر نے پوری دنیا کو آبدیدہ کر دیا تھا جن میں ایک منہدم عمارت کے نیچے ایک باپ کی اپنی مردہ 15 سالہ بیٹی کا ہاتھ پکڑے ہوئے تصویر اور دوسری ایک زندہ بچ جانے والے نوزائیدہ بچے کی تصویر جس کی نال اس کی مردہ ماں سے جڑی ہوئی تھی۔

‌فوجی بغاوت

افریقہ میں فوجی بغاوتوں کا سلسلہ 2023 میں بھی جاری رہا جہاں منتخب حکومتوں کا تختہ الٹنے والے تازہ ترین ممالک میں نائیجر اور گبون شامل ہیں۔

فوجی بغاوت کے بعد فرانس کو نائیجر سے اپنے سفیر اور فوجیوں کو واپس بلانے پر مجبور ہونا پڑا۔ یہ دو سال سے کم عرصے میں تیسری بار ہوا جب فرانسیسی افواج کو سابق افریقی کالونی سے نکالا گیا ہو۔

جنوبی بحرہ اوقیانوس کے مشرقی ساحل پر واقع افریقی ملک گبون میں رواں سال اگست میں صدر علی بونگو اونڈیمبا کو اقتدار سے بے دخل کر دیا گیا۔ ان کا تحت فوج کے سربراہ جنرل برائس اولیگوئی نگوما نے الٹا جو ان کے کزن ہیں۔

ہالی وڈ میں ہڑتال

تخلیقی معیشت میں تخلیقی مصنوعی ذہانت کی وجہ سے چھایا خوف 2023 میں ہالی وڈ تک پھیل گیا جہاں مصنفین نے مئی میں فلموں میں ٹیکنالوجی کے استعمال پر پابندی کے ساتھ ساتھ تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے کے لیے قلم چھوڑ ہڑتال کر دی تھی۔

ہالی وڈ اداکار بھی جولائی میں اس احتجاج میں کود پڑے جو 1960 کی دہائی کے بعد سے ہالی وڈ کی سب سے بڑی ہڑتال بن گئی۔

اداکاروں کی ہڑتال میں شمولیت کی جزوی وجہ ان کی آوازوں اور تشبیہات کو کلون کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کا خوف بھی تھا۔

مصنفین کے کام پر واپس جانے کے دو ماہ بعد نومبر میں سٹوڈیوز اور اداکاروں کے درمیان معاہدے سے پہلے ہڑتال کی وجہ سے سینکڑوں مشہور شوز اور فلموں کی ریلیز میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گرم ترین سال

‌یہ سال گرم ترین سال کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ یورپی یونین کے موسمیاتی ادارے نے 2023 کو اب تک ریکارڈ کیے جانے والا گرم ترین سال ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔

موسمیاتی تبدیلیوں نے خشک سالی کی صورت حال کو بدتر بنا دیا ہے۔ امریکہ کے جنگلات میں ایک صدی کی بدترین آتشزدگی کا مشاہدہ کیا گیا جہاں اگست میں ہوائی کے جزیرے ماوئی میں کم از کم 115 افراد مارے گئے تھے۔ 

دسمبر میں دبئی میں کوپ 28 میں تقریباً 200 ممالک نے اس طرح کی موسمیاتی تباہی سے بچنے کے لیے فوسل ایندھن سے بتدریج منتقلی پر اتفاق کیا ہے۔

چاند کی تسخیر کی دوڑ

‌2023 میں خلائی دوڑ میں اس وقت تیزی دیکھی گئی جب انڈیا اگست میں چاند کے جنوبی قطب پر اپنے خلائی مشن ’چندریان‘ کو کامیابی کے ساتھ لینڈ کرنے والا پہلا ملک بن گیا۔ اس کے چند دن بعد ہی ایک روسی مشن چاند کی سطح پر اترا تھا۔

امریکی خلاباز نیل آرمسٹرانگ کے چاند پر چہل قدمی کرنے والے پہلے انسان بننے کے نصف صدی کے بعد کئی ممالک انسانوں کو دوبارہ چاند پر بھیجنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔

خاتون فٹبال کو زبردستی بوسہ

20 اگست کو سڈنی میں خواتین کے فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میں سپین کی انگلینڈ کے خلاف جیت سے ہسپانوی خوشی سے جھوم اٹھے لیکن ملکی فٹبال فیڈریشن کے صدر لوئیس روبیالس کی جانب سے کپتان جینی ہرموسو کو زبردستی بوسہ دینے پر یہ خوشی جلد ہی سے غم و غصے میں تبدیل ہو گئی۔

روبیالس کا اصرار تھا کہ اس بوسے میں مرضی شامل تھی لیکن زبردست احتجاج کے بعد بالآخر انہوں نے استعفیٰ دے دیا۔‌

قفقاز خطے کا جغرافیہ تبدیل

‌ناگورنو کاراباخ کی علیحدہ ریاست قیام کی تین دہائیوں پر محیط کوششیں اس وقت سمٹ گئیں جب زیادہ تر آرمینیائی نسلی آبادی والے اس متنازع خطے پر آذربائیجان نے دوبارہ قبضہ کر لیا۔

کاراباخ کے باشندے تشدد اور آذربائیجان کی حکمرانی سے خوفزدہ ہو کر آرمینیا فرار ہو گئے۔ آرمینیائی نسل کے علیحدگی پسند 1990 کی دہائی سے اس علاقے پر اقتدار حاصل کرنے کے لیے دو جنگیں لڑ چکے ہیں۔

ارجنٹائن کے حیران کن انتخابی نتائج

نومبر میں معاشی بحران سے دوچار ارجنٹائن نے جیویر مائلی کو نیا صدر منتخب کیا جو اپنے مخالفین کے لیے ’بدزبانی‘ کے لیے مشہور ہیں۔

کئی دہائیوں کے معاشی زوال اور دہرے ہندسوں میں افراط زر کے شکار ملک میں اقتدار حاصل کرنے والے مائلی نے معیشت کو پٹری پر ڈالنے کے لیے ڈالر کے مقابلے میں مقامی پیسو کی قدر میں 50 فیصد سے زیادہ کمی کا اعلان کیا ہے۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا